قلعہ عبداللہ کی ترقی کیلئے مخلص قیادت کا انتخاب ضروری ہے،عثمان اچکزئی

نام ونہاد قوم پرست بلدیاتی نظام میں روڑے اٹکا رہے ہیں،اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی میں بیوروکریسی رکاوٹ ہے، صحافیوں سے گفتگو

پیر 21 اگست 2017 20:29

قلعہ عبداللہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اگست2017ء) اے این پی کے رہنماء اور چیئرمین ضلع کو نسل قلعہ عبداللہ ملک محمد عثمان اچکزئی نے کہاہے کہ قلعہ عبداللہ کی ترقی کیلئے مخلص قیادت کا انتخاب ضروری ہے ،ضلع قلعہ عبداللہ کو مسائل کی آماجگاہ بنا دیا گیا ہے ،بلدیاتی نظام میں بھی نام ونہاد قوم پرست روڑے اٹکا رہے ہیں ،۔

(جاری ہے)

ان خیا لات کااظہار انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ قلعہ عبداللہ ایک وسیع وعریض ضلع ہے اور ایک بڑے عرصے سے مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کی کوششوں میں جہاں بیوروکریسی رکاوٹ ہے وہاں نام ونہاد قوم پرستی کے دعویدار بھی سب سے زیادہ رکاوٹ بنے ہوئے ہیں ،بلدیاتی نظام کسی بھی ملک میں بنیاد ی مسائل کے حل کی پہلی سیڑھی تصور ہوتی ہے مگر بدقسمتی سے ہمارے ہاں اسے بھی سیاست کی نظر کردیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ ضلع کی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کی دو اضلاع میں تقسیم نہایت ضروری ہے مگر بدقسمتی سے عوام کی اس دیرینہ مطالبے پر اب تک غور نہیں کیا گیا ،ہمیں اب تک اختیارات فراہم نہیں کئے جارہے ہیں فنڈز کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے عوام کی خدمت ممکن نہیں تاہم محدود وسائل اور مشکلات کے باوجود بھی ہم عوام کو درپیش مسائل کے خاتمے کیلئے کوشاں ہے انہوں نے کہا اگر حقیقی اور صحیح معنوں میں بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات تفویض کئے جائے تو یقین سے کہا جاسکتا ہے کہ 70فیصد مسائل ختم ہوجائینگے ،انہوں نے کہا کہ موجودہ نام ونہاد قوم پرست نمائندوں نے جو وعدے عوام کیساتھ کئے تھے وہ دعوے ثابت ہوئے انہوں نے کرپشن اور اقرباء پروری کو فروغ دیا عثمان اچکزئی نے مطالبہ کیا کہ قلعہ عبداللہ کو دو اضلاع میں تقسیم کونے کیساتھ ساتھ ضلع قلعہ عبداللہ کی ترقی کیلئے خصوصی پیکیج کا اعلان کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :