داعش جیسی دہشت گرد تنظیموں کا راستہ روکنے کیلئے علماء کومیدان میں آنا ہوگا، پاکستان علماء کونسل

پیر 21 اگست 2017 21:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اگست2017ء) داعش جیسی دہشت گرد تنظیموں کا راستہ روکنے کیلئے علماء کومیدان میں آنا ہوگا۔ملک میں پائیدار قیام امن کیلئے منبر ومحراب کا کلیدی کردار ہے۔ملک و قوم کو دہشت گردی ، بدامنی سے نجات دلانے کیلئے آپریشن رد الفساد کو کامیاب بنانا ہوگا۔ اسلام اور ملک دشمن قوتیں پاکستان کی سلامتی واستحکام سے کھیلنا چاہتی ہیں۔

داعش جیسی تنظیمیں اسلامی ممالک میں دہشت گردی اور بد امنی پیدا کرنے کیلئے بنائی گئی ہیں۔یہ بات پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام تحفظ نظریہ پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہی۔ کانفرنس کی صدارت پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور ممبر اسلامی نظریاتی کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کی۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے پاکستان علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا شاہ نواز فاروقی،شیخ الحدیث مولانا حق نواز خالد،صدرپنجاب حافظ محمد امجد،مولانا تاج محمود ریحان،مولانا محمد مشتاق لاہوری،مولانا عمر قاسمی،حافظ محمد طیب قاسمی،مولانا رسال الدین آزاد،حافظ محمد سعید ،صدر اسلام آباد مولانا ذو الفقار احمد،جامعہ دارالعلوم حنفیہ لبرٹی کے ناظم اعلیٰ حافظ شعیب الرحمن ،مولانا عثمان فاروقی،مولانا ضیاء الرحمن فاروقی ودیگرنے بھی خطاب کیا۔

چیئرمین پاکستان علماء کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ اسلام بے گناہ انسانیت کے قتل کی اجازت نہیں دیتا۔ اسلام کے نام پر بے گناہ انسانیت کا ناحق خون بہانے والے اسلام اور مسلمانوں کے دشمن ہیں۔ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دہشت گردی ، انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے دینی جماعتوں کے قائدین اور علماء کے ساتھ باہمی مشاورت سے حکمت عملی طے کرنا ہوگی۔

وطن عزیز میں محب وطن علماء نے ہمیشہ تشدد کی حوصلہ شکنی کی ہے اور مثبت سوچ کو فروغ دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل ملک میں اعتدال پسندی کے فروغ کیلئے کوشاں ہے اورعوامی سطح پر تحفظ نظریہ پاکستان مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔ داعش جیسی دہشت گرد تنظیموںاور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے آرمی چیف کے جرأت مندانہ مؤقف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا شاہ نواز فاروقی نے کہا کہ علماء کونسل دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے ۔ داعش اور اس جیسی دہشت گرد تنظیموں سے منسلک افراد اور ان کے باطل نظریات سے نوجوان نسل کو بچانے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔شیخ الحدیث مولانا حق نواز خالد نے کہا کہ وطن عزیز کو انتشار کی نہیں اتحاد ویکجہتی کی ضرورت ہے۔ دہشت گردی ،انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے قومی قیادت کو متحد ہونا ہوگا۔ پاکستان اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے۔ مولانا ذو الفقار احمد نے کہا کہ نظریہ پاکستان ہی بقاء پاکستان ہے۔ نوجوان نسل ملک و قوم کا روشن مستقبل ہیں۔ داعش جیسی دہشت گرد تنظیموں سے نوجوان نسل کو بچانے کیلئے علماء کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں۔

متعلقہ عنوان :