بلاول بھٹو زرداری سیاست میں ابھی طفل مکتب ہیں ، انہیں اپنا سیاسی قد بڑا کرنے کیلئے دوسروں کی تحقیر نہیں بلکہ خود کو بڑا ثابت کرنے کی ضرورت ہوتی ہے،ایم پی اے مسلم لیگ ن چوہدری افتخار احمد وارثی

پیر 21 اگست 2017 22:16

بلاول بھٹو زرداری سیاست میں ابھی طفل مکتب ہیں ، انہیں اپنا سیاسی قد ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اگست2017ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی چوہدری افتخار احمد وارثی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری سیاست میں ابھی طفل مکتب ہیں،جنہیں یہ سیکھنے کی ضرورت ہے کہ اپنا سیاسی قد بڑا کرنے کیلئے دوسروں کی تحقیر اور ان پر تنقید کی نہیں بلکہ خود کو بڑا ثابت کرنے کی ضرورت ہوتی ہے ․ مسٹر ٹن پرسنٹ اور ریفل ٹکٹوں سمیت آصف علی زرداری اور پی پی پی کے راہنمائوں کی کرپشن عوام کو بھولی نہیں ․وہ بروز پیر گوجر خان میں اپنے حلقہ انتخاب کی مختلف یونین کونسلوں کے دورے پر عوامی وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

․ انہو ںنے کہا میاں نواز شریف پر جعل سازی کا بے بنیاد الزام لگانے سے پہلے بلاول بھٹو زرداری کو اپنی پارٹی کے سنئیر راہنمائوں سے پوچھ لینا چائییے تھا کہ ریفل ٹکٹوں کے ذریعے اربوں روپے جمع کرنا جعل سازی تھی یا ملک کو تعمیر و ترقی کے راستے پر ڈالنا جعل سازی ہے ․ انہوں نے کہا کہ اصل میں پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس عوام میں جانے کیلئے کوئی اچھا اور بڑا کام ہے ہی نہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے موجودہ دور میں جتنے ترقیاتی کام ہوئے ہیں یا ہو رہے ہیں ان کی مثال پوری ملکی تاریخ میں نہیں ملتی ․ یہی چیز ہماری مخالف سیاسی پارٹیوں کو پریشان کئے ہوئے ہے اور پی پی پی کی لیڈر شپ بھی اپنا قد بڑا کرنے کیلئے مسلم لیگ ن کی قیادت پر بے بنیاد تنقید کر رہی ہے مگر پاکستان کے عوام اب سیاسی طور پر با شعور ہو چکے ہیں جو سیاسی پراپیگنڈے کو اچھی طرح سمجھتے ہیں ․