قائمہ کمیٹی سمندر پار پاکستانیز کا عمانی سفیر کے دفتر میں سابق وزیراعظم کی تصویر آویزاں رہنے پر شدید برہمی کا اظہار ،

وزارت خارجہ کوتما م سفارتخانوں سے نواز شریف کی تصاویر ہٹانے کی ہدایت نواز شریف کی نااہلی کے باوجود سفارتخانوں میں انکی تصاویر لگانا قابل مذمت ہے، نااہلی کے بعد کس حیثیت میں سفارتخانوں میں نواز شریف کی تصاویر لگی ہوئی ہیں، کمیٹی بیرون ملک ملازمت کیلئے جانے والے پاکستانیوں کے لئے نائکوپ کارڈ کے حصول کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ ،نادراآرڈیننس میں ترامیم کر کے معاملہ متعلقہ وزارت کو بھیج دیا گیا ہے،نادرا حکام کی کمیٹی کوبریفنگ

پیر 21 اگست 2017 23:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اگست2017ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیز نے عمان کے سفیر کے دفتر میں سابق وزیراعظم کی تصویر لگے ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزارت خارجہ کو سفارتخانوں سے نواز شریف کی تصاویر ہٹانے کی ہدایت کی، بیرون ملک سفارتخانوں میں قائداعظم کی تصویر لگی ہونی چاہیے،نواز شریف کی نااہلی کے باوجود سفارتخانوں میں انکی تصاویر لگانہ قابل مذمت ہے، نااہلی کے بعد کس حیثیت میں سفارتخانوں میں نواز شریف کی تصاویر لگی ہوئی ہیں۔

نادرا حکام نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ نے بیرون ملک ملازمت کے لئے جانے والے پاکستانیوں کے لئے نائکوپ کارڈ کے حصول کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا، نادراآرڈیننس میں ترامیم کر کہ معاملہ متعلقہ وزارت کو بھیج دیا گیا ہے،نادرا حکام نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بتایا کہ نادرانے ملازمت کے لئے بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کے لئے نائکوپ کارڈ کے حصول کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، نادرہ آرڈیننس میں نائکوپ کی شرط ختم کرنے سے متعلق ترامیم کر کے معاملہ وزارت داخلہ کو بھیج دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

نائکوپ کارڈ کی فیس کم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ آج تک 70 لاکھ نائکوپ جبکہ 15 لاکھ 70 ہزار پاکستان اوریجن کارڈ جاری کیئے گئے ہیں۔پیر کوقومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیز کااجلاس کنوینئرکمیٹی شگفتہ جمانی کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں نادرا حکام نے اوور سیز پاکستانیوں کے شناختی کارڈز کے معاملے پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ دوسرے ممالک میں جا کر شہریت لے لیں ان کو پاکستان واپسی کے لیے ویزے کے لیے پی او سی کارڈز جاری کیے جاتے ہیں۔

جبکہ جو لوگ پاکستان کے ساتھ دوہری شہریت رکھتے ہوں ان کے لیے نائیکاپ کارڈز جاری کیے جاتے ہیں، جس پر کمیٹی ممبرز نے ان کارڈز کو ختم کرنے کی ہدایت دی۔ نادرا حکام نے کہا کہ یہ نادرا آرڈیننس میں تبدیلی کے لیے بل سمری وزارت کے ذریعے بھیج دی گئی ہے۔ اس میں ترمیم کر کے ان کارڈز کو ختم کیا جا سکتا ہے۔ ورکرز ویلفیئر بورڈز کے ملازمین کی تنخواہوں کے معاملے پر بورڈ ممبر نے کہا کہ ادارے کے مستقل ملازمین کی دو ماہ کی تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں۔

عید الاضحی سے پہلے ورکرز کی تنخواہوں کی ادائیگی پر کمیٹی کوئی حکم جاری کرے، کمیٹی نے سیکرٹری اوور سیز اینڈ ایچ آر ڈی کو صوبائی حکومت سے مل کر معاملہ حل کرنے کا حکم دے دیا۔ کنٹریکٹ ملازمین کی تنخواہوں پر ممبر ورکرز ویلفیئر بورڈ نے کہا کہ جب تک ان کے کنٹریکٹ میں توسیع نہ ہوجائے انہیں تنخواہ نہیں دی جا سکتی ان کی ملازمت کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جائے۔ کمیٹی ممبران نے اس پر سفارش دی کہ ملازمین کو کسی اور جگہ ایڈجسٹ کیا جائے۔ ان کو بے روزگار نہ کیا جائے۔ کمیٹی میں اومان کے سفیر کے دفتر میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی تصویر لگے ہونے کے معاملے پر کمیٹی نے مذمت کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے دفتر خارجہ کو سفارش کی کہ اس کے کسی دفتر میں قائداعظم کی تصویر لگی ہونی چاہیے۔