پاک فضائیہ کے زیرِ اہتمام’’ پاک چین اقتصادی راہداری‘‘ پر سیمپوزیم کا انعقاد

سی پیک نہ صرف ہمارے لیے گیم چینجر ہے بلکہ یہ مشرقی اور مغربی ایشیا کو آپس میں ملانے کا باعث بنے گی، ایئر چیف مارشل

پیر 21 اگست 2017 23:09

پاک فضائیہ کے زیرِ اہتمام’’ پاک چین اقتصادی راہداری‘‘ پر سیمپوزیم ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اگست2017 پاک فضائیہ اور رائل ائیرو ناٹیکل سوسائٹی (اسلام آباد برانچ) کے زیرِ اہتمام نور خان آڈیٹوریم ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ’’ پاک چین اقتصادی راہداری اور ہوا بازی کی صنعت کے مواقع ‘‘کے موضوع پر ایک روزہ سیمپوزیم منعقدہوا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان اس سیمپوزیم میں مہمان خصوصی تھے۔

سینیٹرز ، حاضر سروس اور ریٹائرڈ بیورو کریٹس ،چیمبر آف کامرس کے ممبران ، مختلف اداروں کے نمایاں افراد اور تینوں مسلح افواج کے افسران نے بھی اس میں شرکت کی۔ سینیٹر مشاہد حسین سید، چئیرمین پارلیمینٹری کمیٹی برائے اقتصادی راہداری پروفیسر احسن اقبال ، وفاقی وزیر ِ داخلہ اس سمپوزیم میں کلیدی مقررین تھے ۔

(جاری ہے)

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے اس موقع پر اپنے اختتامی خطاب میں خطے کے لیے پاک چین اقتصادی راہداری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ راہداری نہ صرف ہمارے لیے گیم چینجر ہے بلکہ یہ مشرقی اور مغربی ایشیا کو آپس میں ملانے کا باعث بنے گی۔

ملکی فضائی حدود کی حفاظت میں پاک فضائیہ کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ دوسری مسلح افواج کے ساتھ مل کر اس منصوبے کے لیے ناقابل تسخیر سکیورٹی فراہم کرے گی۔اس سمپوزیم میں حکومتی ، این جی اوز اور مختلف اداروں کے چھ نمایاں مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا جن میں حسن دائود ، پروجیکٹ ڈائریکٹر سی پیک ، ڈاکٹر ناصر افگن ، ڈائریکٹر ایم بی اے پروگرام ، IBAکراچی ، ائیر وائس مارشل (ریٹائرڈ) رضی نواب، ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر شاہین فائونڈیشن ،ائیر کموڈور عبدالمعید خان ، اسسٹنٹ چیف آف ائیر سٹاف (پلانز) ، سید مظفر عالم ، ایڈیشنل ڈائریکٹر ائیر ٹرانسپورٹ، CAA اور عامر ظفر درانی ، CEO انہر شامل تھے۔