شاہد خاقان عباسی کے وزیراعظم بننے پر ضلعی اور ڈویژنل انتظامیہ متحرک ، حلقہ این اے 50 میں طویل عرصہ سے تعطل کا شکار فنڈز جاری ،

ترقیاتی منصوبوں پر کام میں تیزی آگئی وزیراعظم اہم منصوبوں کا افتتاح آئندہ کچھ ماہ میں کرنا چاہتے ہیں، لوئر ٹوپہ اور کوہالہ کی سڑکیں، تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال اور لینڈ ریکارڈ سنٹرکیلئے انتظامیہ کو کام کی رفتار تیز کرنے کو کہا گیا ہے، راولپنڈی انتظامیہ

پیر 21 اگست 2017 23:25

شاہد خاقان عباسی کے وزیراعظم بننے پر ضلعی اور ڈویژنل انتظامیہ متحرک ..
اسلام آباد/راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اگست2017ء) شاہد خاقان عباسی کے وزیراعظم کا قلمدان سنبھالنے کے بعد ضلعی اور ڈویژنل انتظامیہ نے ان کے حلقہ این اے 50 راولپنڈی ون میں ترقیاتی کاموں کے لیے کئی عرصے سے تعطل کاشکار فنڈز اچانک جاری کرد یئے ۔ذرائع کے مطابق قائم مقام کمشنر راولپنڈی طلعت محمد گوندل نے گذشتہ ہفتے ایک خصوصی اجلاس طلب کیا تھا جہاں مری میں جاری ترقیاتی کاموں پر پیش رفت کے حوالے سے جائزہ لینے کے بعد ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ یہ کام 31 نومبر تک مکمل کرلیے جائیں۔

ضلعی اور ڈویژنل انتظامیہ کے افسران نے مذکورہ ترقیاتی کاموں میں پیش رفت کے حوالے سے وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر حافظ عثمان کو بریفنگ دی، خیال رہے کہ وہ مری کے منتخب نمائندے نہیں ۔

(جاری ہے)

انتظامیہ کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اہم منصوبوں کا افتتاح آئندہ کچھ ماہ میں کرنا چاہتے ہیں، خاص طور پر لوئر ٹوپہ اور کوہالا کی سڑکیں، تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال اور لینڈ ریکارڈ سینٹر جس کے لیے انتظامیہ کو کام کی رفتار تیز کرنے کو کہا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مری میں پانی کے مسئلے کا حل وزیراعظم کی ترجیحات میں شامل ہے، ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے دور میں اس مسئلے کو حل کرنا چاہتے ہیں، حکام نے بتایا کہ منصوبوں کے افتتاح سے متعلق تیاریاں پہلے مکمل کی جاچکی ہیں۔ سینئر افسر نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ فنڈز استعمال نہ ہونے کی وجہ گذشتہ سال 30 جون سے مری میں ترقیاتی اسکیموں پر فنڈز روک دیئے گئے تھے جس کی وجہ سے یہ منصوبے تعطل کا شکار تھے اور اب پنجاب حکومت کی جانب سے فنڈز جاری کیے جانے کے بعد ان پر کام کا آغاز کردیا گیا۔

انہوں نے دعوی کیا کہ ہفتے کے روز ہونے والے اجلاس میں صوبائی محکموں کے حکام کا کہنا تھا کہ تعلیم اور سڑکوں کے منصوبوں کے لیے فنڈز جاری کیے ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ضلعی اور ڈویژنل انتظامیہ کی توجہ کا مرکز قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 52 تھا جو سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کا حلقہ ہے۔