حکومت نے برآمدات میں اضافے کیلئے 180 ارب روپے کا پیکیج دیا ہے‘ پچھلے دو ماہ سے برآمدات بڑھنا شروع ہوگئی ہیں

، رواں سال کپاس کی پیداوار 12 سے 13 ملین گانٹھ ہونے کی توقع ہے‘ بجلی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے‘ اقتصادی راہداری کے ثمرات سے ہر شعبے کو فائدہ ہوگا، حکومت گلگت بلتستان کے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کریگی‘ گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کے حوالے سے جلد کمیٹی بنا کر حتمی فیصلہ کیا جائے گا،حکومت سرکاری ملازمین کی رہائش کا مسئلہ حل کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے‘ جی سکس میں 1200 نئے فلیٹس تعمیر کئے جائیں گے، ٹیکسٹائل‘ جیولری اور دیگر اشیاء کی برآمدات میں کمی ہوئی ہے تاہم حکومت نے ٹیکسٹائل کے شعبے کی کارکردگی بہتر بنانے اور برآمدات میں اضافے کے لئے 180 ارب روپے کا پیکیج دیا ہے وفاقی وزراء پرویز ملک ، برجیس طاہر اور اکر م درانی کا ایوان بالا میں پاکستانی برآمدات اور روپے کی قیمت میں کمی کے حوالے سے الگ الگ تحریکوں پر بحث سمیٹتے ہوئے خطاب

پیر 21 اگست 2017 23:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اگست2017ء) حکومت کی جانب سے ایوان بالاکو آگاہ کیاگیا کہ حکومت نے برآمدات میں اضافے کے لئے 180 ارب روپے کا پیکیج دیا ہے‘ پچھلے دو ماہ سے برآمدات بڑھنا شروع ہوگئی ہیں ، رواں سال کپاس کی پیداوار 12 سے 13 ملین گانٹھ ہونے کی توقع ہے‘ بجلی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے‘ اقتصادی راہداری کے ثمرات سے ہر شعبے کو فائدہ ہوگا۔

حکومت گلگت بلتستان کے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرے گی‘ گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کے حوالے سے جلد کمیٹی بنا کر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔حکومت سرکاری ملازمین کی رہائش کا مسئلہ حل کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے‘ جی سکس میں 1200 نئے فلیٹس تعمیر کئے جائیں گے۔ پیر کو ایوان بالا میں پاکستانی برآمدات اور روپے کی قیمت میں کمی کے حوالے سے الگ الگ تحریکوں پر بحث سمیٹتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک نے کہا کہ ٹیکسٹائل‘ جیولری اور دیگر اشیاء کی برآمدات میں کمی ہوئی ہے تاہم حکومت نے ٹیکسٹائل کے شعبے کی کارکردگی بہتر بنانے اور برآمدات میں اضافے کے لئے 180 ارب روپے کا پیکیج دیا ہے جس سے برآمدات بڑھنے کی توقع ہے اور اس کے ثمرات سامنے بھی آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ درآمدات میں اگرچہ اضافہ ہوا ہے تاہم اس میں مشینری کی درآمدات زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بنک کی خودمختاری پر کوئی قدغن نہیں لگائی گئی۔ ایکسچینج ریٹ میں کمی بیشی ہوتی رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں حالیہ کمی کے معاملے کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔ اس کا نتیجہ جلد سامنے آجائے گا۔ تحریکوں پر سینیٹر شیری رحمان‘ عتیق شیخ اور سلیم مانڈوی والا نے اظہار خیال کیا۔

سینیٹر فرحت اللہ بابر کی تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان برجیس طاہر نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو ایک خصوصی حیثیت حاصل ہے اور مختلف قوانین کے ذریعے وہاں پر حکومت ہوتی رہی ہے۔ 2009ء میں گلگت بلتستان کو بااختیار بنانے کا آرڈر تشکیل دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 2015ء میں پہلی مرتبہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت گلگت بلتستان میں قائم ہوئی۔

سابق وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے عوام کے مطالبات کا جائزہ لینے اور سفارشات مرتب کرنے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی لیکن بعد میں اس کا دائرہ اختیار آزاد کشمیر تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اب چونکہ وزیراعظم تبدیل ہو چکے ہیں اس لئے نئے سرے سے کمیٹی تشکیل دے کر اس سلسلے میں پیشرفت کی جائے گی اور گلگت بلتستان کے عوام کو ان کے حقوق دینے کے لئے پیشرفت کی جائے گی۔

سینیٹر سیف اللہ مگسی کی تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے وفاقی وزیر ہائوسنگ و تعمیرات اکرم درانی نے کہا کہ جب موجودہ حکومت برسراقتدار آئی تو یہ مسئلہ زیادہ شدید تھا۔ 406 گھروں پر غیر قانونی قبضہ تھا جس میں سے 172 ہم نے خالی کرا لئے ہیں۔ اپنی فورس بنانے کے لئے بھی سمری بھجوائی ہے۔ جی سکس میں 90 خستہ حال گھر گرا کر 1200 فلیٹ بنانے کا منصوبہ ہے اس سلسلے میں وہاں پر نیچے کمرشل تعمیرات کرکے اوپر فلیٹ بنائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ملازمین کی ہائرنگ کے لئے 65 فیصد کا بجٹ دیا جائے تو اس سے ان کی رہائش کا مسئلہ مستقل طور پر حل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کوئی کرپشن نہیں کی۔ جو بھی الزامات لگائے گئے ہیں وہ جھوٹے ہیں۔ چیئرمین سینٹ کو اختیار دیتا ہوں کہ وہ خود اس معاملے کی انکوائری کرا لیں۔