چیئرمین سینیٹ نے پانامہ کیس میں عدالت کی جانب سے چیئرمین ایس ای سی پی کی برطرفی سے متعلق قرارداد کی منظوری کا معاملہ موخر کردیا

پیر 21 اگست 2017 23:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اگست2017ء) چیئرمین سینیٹ نے پانامہ کیس پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی سفارشات کی روشنی میں عدالت کی جانب سے چیئرمین ایس ای سی پی کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کے احکامات کے باعث انہیں برطرف کرنے سے متعلق قرارداد کی منظوری کا معاملہ موخر کردیا۔

(جاری ہے)

پیر کو سینیٹ کے ایجنڈے میں سینیٹر اعتزاز احسن اور دیگر ارکان کی قرارداد بھی شامل تھی تاہم چیئرمین نے کہا کہ عدالت کے حکم کے بغیر کسی کو برطرف نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے اعتزاز احسن سے کہا کہ عدالت نے 10 جولائی کو اپنا فیصلہ دیا اس کے بعد 19 جولائی کو اس قرارداد کے حوالے سے نوٹس جمع کرایا گیا اور 24 جولائی کو ایس ای سی پی کے چیئرمین کو معطل کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قائد حزب اختلاف ایس ای سی پی ایکٹ کا مطالعہ کر لیں۔ اس کے بعد اس قرارداد کو ایوان میں لایا جاسکتا ہے۔ بعد ازاں چیئرمین نے یہ معاملہ موخر کردیا۔