حکومت اسٹاک ایکسچینج میں مندی کے رجحان کو کنٹرول کر کے ڈالر ائیزیشن کے رحجان پر قابو پانے کیلئے فوری اقدامات کریں ‘طارق حمید

گرتی برآمدات،روپے کی قدر میںکمی اور اربوں روپے کے نئے ٹیکس کاروباری برادری کی کمر توڑ دینگے‘قائمقام چیئرمین لاہور چیمبر

منگل 22 اگست 2017 17:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2017ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (فاؤنڈرز گروپ )کے قائم مقام چیئرمین طارق حمید نے کہاہے کہ حکومت اسٹاک ایکس چینج میں مندی کے رجحان کو کنٹرول کر کے اسٹاک ایکس چینج کو مستحکم رکھنے اور ڈالر ائیزیشن کے رحجان پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کریں ورنہ روپیہ مزید بے قدر ہو جائے گا ۔

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ غیر یقینی سیاسی صورتحال کی وجہ سے سرمایہ کاروں میں بڑھتے ہوئے اضطراب،غیر ملکیوں سمیت انسٹیٹیوشنز و اانفردی سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی فروخت کے باعث پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بد ترین مندی کے اثرات غالب ہیں۔گرتی برآمدات،روپے کی قدر میںکمی اور اربوں روپے کے نئے ٹیکس کاروباری برادری کی کمر توڑ دینگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت روپے کو مستحکم کرنے کے اقدامات کرے،روپے کی قدر میں کمی اور ڈالر کی قدر میں اضافہ کے باعث درآمدی مصنوعات کی کاروباری لاگت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے جس سے برآمدی صنعتوں کی پیداواری لاگت میںبھی اضافہ کا امکان ہے۔ حکومت روپے کی ڈی ویلیو کے بجائے ویلیو پر توجہ دے۔حکومت روپے کو مستحکم کرنے کے لیے اقدامات کرے کیونکہ مقامی کرنسی کی قدر کم ہونے سے معیشت کی ڈالر ائیزیشن کی رفتار بڑھ جاتی ہے جو ملکی مفاد کے منافی ہے۔

ڈالر ائیزیشن کے رحجان پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں ورنہ روپیہ مزید بے قدر ہو جائے گا اور معاملہ ارباب اختیار کے ہاتھ سے نکل جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں پہلے ہی مہنگائی کا راج ہے ،غریب کیلئے دو وقت کی روٹی کمانا مشکل ہو چکا ہے۔روپے کی قدر میں کمی اور ڈالر کی قدر میں اضافہ کے باعث ملک میں مزید مہنگائی ہو جائے گی ۔