قرآن دنیا و آخرت میں کامیابی کا واضح راستہ بتانے والی کتاب ہے ۔سید منور حسن

قرآن سے وابستہ تقریبات یاددہانی اور تذکیر کا باعث بنتی ہیں ۔حافظ نعیم الرحمن کے صاحبزادوں کی رسم ِ آمین سے خطاب

منگل 22 اگست 2017 20:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2017ء) جماعت اسلامیپاکستان کے سابق امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ قرآن کریم حق اور باطل کے درمیان فرق کر نے والی کتاب ہے ۔قرآن کریم دنیا اور آخرت میں حقیقی فلاح و کامیابی کا واضح راستہ بتانے والی کتاب ہے ۔قرآن کریم کا حق ہے کہ اسے پڑھاجائے ،سمجھا جائے ۔اس پر عمل کیا جائے اور اسے انفرادی اور اجتماعی معاملات میں نافذ کیا جائے ۔

قرآن کریم سے وابستہ تقریبات یاددہانی اور تذکیر کا باعث بنتی ہے ۔اللہ کا شکر ہے کہ آج ہم سب تکمیل حفظِ قرآن پاک کی ایک تقریب میں شریک ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہال میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کے صاحبزادوں زعیم الرحمن ،اور اُسید الرحمن کے حفظِ قرآن مکمل ہو نے پر ان کی رسم ِ آمین و تقریب تکمیل حفظِ قرآن کے موقع پر خطاب کر تے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

سید منور حسن نے مزید کہا کہ قرآن کو ہمیں اوڑھنا بچھونا بناناچاہیئے ۔قرآن ہمارے درمیان عدل و انصاف کی آواز بلند کر تا ہے ۔ہمارے اعمال کو درست کر تا ہے ۔ہمیں اپنے رب کے ساتھ جوڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قرآن دنیا میں سب سے زیادہ پڑھی جانے والی کتاب ہے اور آج کے دور میں تو قرآن پاک کا پڑھنا اور سمجھنا زیادہ آسان ہو گیا ہے ۔دنیا کی تقریباً ہر زبان میں قرآن پاک کا ترجمہ موجود ہے ۔

ہمیں ہر وقت اپنا جائزہ لینا چاہیئے اور یہ دیکھتے رہنا چاہیئے کہ ہمارا اور قرآن کا تعلق کس سطح اور کس درجے کا ہے ۔ہمیں دیکھنا چاہیئے کہ ہم روزانہ کتنا قرآن پڑھتے ہیں ۔کتنا سمجھتے ہیں اور کتنا عمل کر تے ہیں ۔تقریب میں میزبان حافظ نعیم الرحمن اور قاری فہد اور قاری کلیم کے علاوہ جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو ،سیکریٹری جماعت اسلامی سندھ ممتاز حسین سہتو ،صوبائی نائب امیر عبد الغفار عمر،ناظم عمومی سندھ محمد دین ،جماعت اسلامی کراچی کے نائب امراء برجیس احمد ،مظفر احمد ہاشمی ،ڈاکٹر اسامہ رضی ،ڈاکٹر عبد الواسع شاکر ،محمد مسلم پرویز ،اسحاق خان ،محمد اسلام ،سیکریٹری کراچی عبد الوہاب ،ڈپٹی سیکریٹریز سیف الدین ایڈوکیٹ ،راشد قریشی ،انجینئر عبد العزیز ،حافظ عبد الواحد شیخ، سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، مرکزی میڈیا کوآر ڈی نیٹر سر فراز احمد امراء اضلاع منعم ظفر خان ،یونس بارائی ،عبد الرزاق خان ،سید عبد الرشید ،عبد الجمیل ،جمعیت اتحاد العلماء کے مولانا عبد الوحید ،عزیز و اقارب ،اہل خانہ اور دوست احباب کی بڑی تعداد نے شر کت کی ۔

اسد اللہ بھٹو نے تقریب کے اختتام پر دعا کرائی ۔

متعلقہ عنوان :