بھارت کنٹرول لائن کیساتھ سویلین آبادی کو مسلسل نشانہ بنا رہا ہے ،ْبھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا ،ْ خرم دستگیر خان

امریکی انٹیلی جنس اداروں کی طرف سے پاکستان کے اندر بھارت کی جارحانہ کارروائی سے متعلق بیان اندازے پر مبنی ہے ،ْ وزیر دفاع

منگل 22 اگست 2017 21:08

بھارت کنٹرول لائن کیساتھ سویلین آبادی کو مسلسل نشانہ بنا رہا ہے ،ْبھارت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2017ء) وزیر دفاع خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ بھارت کنٹرول لائن کیساتھ سویلین آبادی کو مسلسل نشانہ بنا رہا ہے ،ْبھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا ،ْامریکی انٹیلی جنس اداروں کی طرف سے پاکستان کے اندر بھارت کی جارحانہ کارروائی سے متعلق بیان اندازے پر مبنی ہے۔ پیر کو سینٹ میں سینیٹر سحر کامران کے توجہ دلائو نوٹس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کی طرف سے خطرات سے بخوبی آگاہ ہے اور وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صف اول کے ملک کا کردار ادا کر رہا ہے، دہشت گردوں کے خلاف فوجی کارروائی کی جا رہی ہے، پہلے آپریشن ضرب عضب اور اب آپریشن ردالفساد جاری ہے اس کے علاوہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بھی کارروائی کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کی اب کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں ہے، بھارت کنٹرول لائن کے ساتھ شہری آبادی کو وقتاً فوقتاً نشانہ بناتا رہتا ہے جس کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی اشتعال انگیزی امن کے لئے فائدہ مند نہیں ہے، پاکستان اپنی آبادی کے تحفظ کا حق رکھتا ہے اور بھارت کو کسی بھی جارحیت کے نتائج کا بخوبی علم ہے اس لئے امید ہے کہ وہ کوئی مہم جوئی نہیں کرے گا، پاکستان کے عوام اور مسلح افواج کی طرف سے بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔