ایس ای سی پی نے اسحاق ڈار ، ان کی اہلیہ ، دو بیٹوں اور بہو کی کمپنیوں کا تمام ریکارڈ نیب کو جمع کرادیا

جوائنٹ ڈائریکٹر علی عدنان نے گلف انشورنس، ایچ ڈی ایس سیکیورٹیز، اسپینسر ڈسٹری بیوشن، سی این جی پاکستان، ہجویری ہولڈنگ اور ہجویری مضاربہ کمپنی کا ریکارڈ جمع کروایا/نیب کو بینک اکائونٹس کی تفصیلات بھی مل گئیں

بدھ 23 اگست 2017 12:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2017ء) سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان نے اسحاق ڈار ان کی اہلیہ ، دو بیٹوں اور بہو کی کمپنیوں کا تمام ریکارڈ قومی احتساب بیورو لاہور کی تحقیقاتی ٹیم کو جمع کر ادیا ،نیب کو بینک اکائونتس کی تفصیلات بھی مل گئیں ۔ ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار پر آمدن سے زائد اثاثے رکھنے کا الزام ہے اور پاناما کیس میں سپریم کورٹ نے ان کے خلاف نیب ریفرنس کا حکم دیا ہے جس کے لیے نیب نے تیاری شروع کردی ہے۔

جوائنٹ ڈائریکٹر ایس ای سی پی علی عدنان نے اسحاق ڈار کی 7 نجی کمپنیوں کا ریکارڈ قومی احتساب بیورو (نیب )لاہور کی کمبائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم کو جمع کرایا۔ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار، ان کی اہلیہ، دو بیٹوں اور بہو کی کمپنی سے متعلق ریکارڈ بھی جمع کرایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جن کمپنیوں کا ریکارڈ جمع کرایا گیا ہے ان میں گلف انشورنس، ایچ ڈی ایس سیکیورٹیز، اسپینسر ڈسٹری بیوشن، سی این جی پاکستان، ہجویری ہولڈنگ اور ہجویری مضاربہ کمپنی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق ریکارڈ میں فارم 21، فارم 29،س رٹیفکیٹس آف ان کارپوریشن، میمورنڈم آف ایسوسی ایشنز بھی شامل ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کو اسحاق ڈار اور ان کے اہل خانہ کے بینک اکائونٹس کی تفصیلات بھی مل گئی ہیں اور اس کا جائزہ لینے کے بعد مفصل رپورٹ تیار کی جائے گی ۔ واضح رہے کہ اسحاق ڈار کو منگل کے روز نیب میں طلب کیا گیا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے تاہم انہوں نے نیب لاہور کو جواب جمع کرایا جس کے مطابق سپریم کورٹ میں نظر ثانی اپیل تک انہوں نے پیش ہونے سے انکار کردیا ہے۔