سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام مختلف کھیلوں کے کوچز کا تربیتی کیمپ شروع

پہلے مرحلے میں5گیمز کرکٹ ، ہاکی، فٹ بال، ٹیبل ٹینس اور بیڈ منٹن کے 180کوچز کو سپورٹس لیجنڈ اور دیگر شعبوں کے ماہرین تربیت دے رہے ہیں،10سی12سال کے کھلاڑیوں کو تربیت یافتہ کوچزٹریننگ دینگے جس سے سپورٹس کا معیار بہتر ہوگا‘ذوالفقار احمد گھمن

بدھ 23 اگست 2017 19:17

سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام مختلف کھیلوں کے کوچز کا تربیتی کیمپ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2017ء) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام چیف منسٹر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت مختلف کھیلوں کیلئے تعینات کئے گئے کوچز کا تربیتی کیمپ نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں شروع ہوگیا ہے، پہلے مرحلے میں5گیمز کرکٹ ، ہاکی، فٹ بال، ٹیبل ٹینس اور بیڈ منٹن کے 180کوچز کو سپورٹس لیجنڈ اور دیگر شعبوں کے ماہرین تربیت دے رہے ہیں۔

تربیتی کیمپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا ہے کہ پنجاب میں سپورٹس کے معیار کو بہتربنانے کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے کوچز کی تربیت کا اہتمام کیا ہے جب تک کوچز ٹرینڈ نہیں ہوں گے سپورٹس کا میعار بہتر اور ترقی نہیں ہوسکتی، لیجنڈ کوچز کی تربیت سے سپورٹس کا معیار بہتر ہوگا اور ہمارے کھلاڑی عالمی مقابلوں میں بہتر کارکردگی کامظاہرہ کرسکیں گے، انہوں نے کہا کہ سپورٹس کی نرسری 10سی12 سال کے کھلاڑی ہوتے ہیں، کوچز کی تربیت جدید خطوط پر ہوگی تو وہ نرسری میں پرورش پانے والے کھلاڑیوں کی بہتر رہنمائی کرسکیں گے،ہر ضلع میں ایک کنسلٹنٹ تعینات ہوگا جو ٹیلنٹڈ کھلاڑیوں کا انتخاب کریگا اور ان کے درمیان مقابلے کرائے جائیں گے، اس کے بعد ضلع پھر ڈویژن اور آخر میں صوبائی سطح پر کھیلوں کے مقابلے ہوں گے جس سے نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا، اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعینات کئے گئے 180 کوچز کو جدید خطوط پر تربیت دینے کا اہتمام کیاہے، اس تربیتی پروگرام کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے اور کھلاڑی عالمی مقابلوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں پہلے مرحلے میں 5گیمز کرکٹ ، ہاکی ، فٹ بال ، ٹیبل ٹینس اور بیڈمنٹن کے کوچز کے تربیتی کورسز شروع ہوئے، ہر گیم کے 36،36کو چز کو سپورٹس لیجنڈ اور دیگر شعبوں کے ماہرین تربیت دے رہے ہیں، کرکٹ کے کوچز کا تربیتی پروگرام سپورٹس بورڈ پنجاب کے کانفرنس روم نمبر 2،ہاکی کا پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس، فٹ بال کا پنجاب سٹیڈیم، ٹیبل ٹینس اور بیڈ منٹن کا ٹینس کورٹ نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں شروع ہوا، تربیتی پروگرام میں ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ، ڈاکٹر اسد عباس، شمسہ ہاشمی، سلمان اقبال بٹ، میجر اظہر عارف اور دیگر ماہرین نے کوچز کو سپورٹس انجریز، سپورٹس نیوٹریشن، ڈوپنگ، ویجیلنس اور اینٹی کرپشن ، سائیکالوجی اور دیگر امور پر لیکچر دیئے۔