سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام کوچز ٹریننگ پروگرام کا آغاز

پہلے مرحلے میں کرکٹ ، ہاکی، فٹ بال، ٹیبل ٹینس اور بیڈ منٹن کے لیے 180کوچز کو ٹریننگ دی جائے گی

بدھ 23 اگست 2017 23:20

سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام کوچز ٹریننگ پروگرام کا آغاز
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2017ء) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام چیف منسٹر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت مختلف کھیلوں کیلئے نئے بھرتی کئے گئے کوچز کے تربیتی کیمپ کا آج نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ کیمپ دس دن تک جاری رہے گا جس میں پہلے مرحلے پر تجربہ کار ٹرینر اورماہر کنسلٹنٹس 180نئے کوچز کو کرکٹ ، ہاکی، فٹ بال، ٹیبل ٹینس اور بیڈ منٹن کی کوچنگ کیلئے تربیت دیں گے۔

تربیتی کیمپ میں سپورٹس کنسلٹنٹس کی بھی کپیسٹی بلڈنگ کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے تربیتی کیمپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ ذوالفقار گھمن نے تقریب کے شرکاء کو بتایا کہ کوچز کی تربیت کا مقصد اُن کی کپیسٹی بلڈنگ اور کوچنگ کے معیار کو بہتر بنانا ہے کیونکہ ایک بہترین کوچ ہی بہترین کھلاڑی تیار کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب تجربہ کار کوچز اور کھیلوں کے ماہرین کے وسیع تجربہ سے استفادہ کرتے ہوئے قابل ٹرینرز کی کھیپ تیار کر رہا ہے تاکہ صوبے میں کھیلوں کے معیار کی بہتر ی کیلئے ننھے کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو ابتدا ہی سے موزوں رہنمائی مہیا کی جا سکے۔ ڈی جی سپورٹس نے کہا کہ 10سی12 سال کی عمر کے کھلاڑی دراصل سپورٹس کی نرسری ہوتے ہیں ان کے اندر کے پیدائشی کھلاڑی کو پھلنے پھولنے کیلئے موزوں آب و ہوا اور ماحول کی ضرورت ہوتی ہے جو اب وزیر اعلیٰ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کی شکل میں پنجاب سپورٹس بورڈ انہیں فراہم کر رہا ہے۔

ذوالفقار گھمن نے کیمپ کے شرکاء کو بتایا کہ پروگرام کے تحت سپورٹس بورڈ کی جانب سے پنجاب کے 36اضلاع میں ہر ضلعے کو ایک ماہر سپورٹس کنسلٹنٹ مہیا کیا جائے گا جو محکمہ کھیل کے سٹاف کی معاونت سے اپنے ضلعے میں کھیلوں کی مختلف سرگرمیاں منعقد کرائے گا اور بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گا، ان کے درمیان مقابلے کروائے گا۔ جیتنے والے کھلاڑی صوبائی سطح پر کھیلوں میں شرکت کریں گے۔

بعدازاں انہی کھلاڑیوں کو مزید ٹریننگ دے کر نیشنل اور انٹرنیشنل مقابلوں کیلئے تیار کیا جائے گا۔ اس اعتبار سے کوچز کی یہ تربیتی ورک شاپ دورس نتائج کی حامل ہو گی۔ ڈی جی سپورٹس نے مزید بتایاکہ5 گیمز کے 36،36کوچز کی ٹریننگ شروع کر دی گئی ہے۔ کرکٹ کوچنگ کیمپ کا اہتمام سپورٹس بورڈ پنجاب میں کیا گیا ہے جبکہ ہاکی کیمپ انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس، فٹ بال کیمپ پنجاب سٹیڈیم اورٹیبل ٹینس اور بیڈ منٹن کا تربیتی کیمپ ٹینس کورٹ نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں لگایا گیا ہے۔

تربیتی پروگرام میں ڈائریکٹر سپورٹس محمد انیس شیخ، ڈاکٹر اسد عباس، شمسہ ہاشمی، سلمان اقبال بٹ، میجر اظہر عارف بھی دیگر ماہرین کے ساتھ کوچز کو سپورٹس انجریز، سپورٹس نیوٹریشن، ڈوپنگ، ویجیلنس اور اینٹی کرپشن ، سائیکالوجی اور دیگر انتظامی امور پر لیکچر دیں گے۔