حج 2017 فلائٹ آپریشن ہفتہ کو مکمل کرلیا جائے گا ، وزارت مذہبی امور

جمعرات 24 اگست 2017 12:36

حج 2017 فلائٹ آپریشن ہفتہ کو مکمل کرلیا جائے گا ، وزارت مذہبی امور
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اگست2017ء) حج 2017 کے لئے فلائٹ آپریشن(کل)ہفتہ کو مکمل کرلیا جائے گا ۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق ملک بھر سے سرکاری اور پرائیویٹ سکیموں کے تحت عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچانے کا کام خوش اسلوبی سے جاری ہے ۔رواں سال ایک لاکھ 79ہزار 210 پاکستانی سرکاری اور پرائیویٹ سکیموں کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے۔

حجاز مقدس میں پاکستانی حاجیوں کے لئے رہائش ،کھانے پینے اور آمد و رفت کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ سعودی عرب پہنچنے والے عازمین حج نے وزارت مذہبی امور کی جانب سے کئے جانے والے تمام انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ تمام پاکستانی حاجی مکہ سے منیٰ اور منیٰ سے واپسی کے لئے ٹرین کی سہولت سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزارت مذہبی امور نے پاکستانی عازمین حج کو گزشتہ سالوں کے مقابلہ میں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے رواں سال انہتائی مؤثر انتظامات کئے ہیں اب تک ہزاروں پاکستانی ان سہولیات سے استفادہ کرچکے ہیں۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق حاجیوں کی رہنمائی اور شکایات کے اندراج کے لئے موبائل فون ایپلیکیشنز کے ذریعے جدید ترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ جونہی مکہ میں تعینات وزارت مذہبی امور کے عملے کو کسی شکایت کا پتہ چلتا ہے تو فوری ازالے کے لئے کارروائی شروع کی جاتی ہے ۔ توقع ہے کہ حج 2017 گزشتہ سالوں کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہو گا۔ حج کے بعد حاجیوں کی وطن واپسی کے لئے فلائٹ آپریشن 6 ستمبر سے شروع ہو کر5 اکتوبر 2017ء تک جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :