امریکہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کو نظر انداز کر کے حزب المجاہدین کو دہشت گرد قرار دیا جو انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے ‘پاکستان کی قربانیوں کو یکسر پسِ پشت ڈال کر امریکہ کی نئی پالیسی کا اعلان لمحہ فکریہ ہے

،حکومت پاکستان اور آزادکشمیرنئے حالات میں نئی صف بندی کے ساتھ ساتھ نئی حکمت عملی تشکیل دے سابق امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی کا تقریب سے خطاب

جمعرات 24 اگست 2017 17:24

باغ،بیرپانی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 اگست2017ء) جماعت اسلامی آزادجموںوکشمیر کے سابق امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ امریکہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کو نظر انداز کر کے حزب المجاہدین کو دہشت گرد قرار دیا جو انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے پاکستان کی قربانیوں کو یکسر پسِ پشت ڈال کر امریکہ کی نئی پالیسی کا اعلان لمحہ فکریہ ہے ،حکومت پاکستان اور آزادکشمیرنئے حالات میں نئی صف بندی کے ساتھ ساتھ نئی حکمت عملی تشکیل دے ،موجودہ حالات میں پاکستانی اور کشمیری منظم اور متحد ہو کر عالمی استعمار کا مقابلہ کریں ،نوجوان برہان مظفر وانی شہید کے نقش قدم پر چلیں ،مثبت کھیلوں کی سرگرمیوں میں نوجوان بھرپور حصہ لیں ،سرکاری سطح پر بھی ایسی سرگرمیوں کے لیے گرائونڈز اور سہولیات فراہم کی جانی چاہیے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے بیرپانی میں برہان مظفر وانی شہید ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا،ٹورنامنٹ میں سردار فرید،آصف نقی،عثمان علی خان،آزاد طارق سمیت دیگر قائدین شریک تھے،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر آخری مراحل میں داخل ہے اس کو کامیابی کی منزل سے ہمکنار کرنے کے لیے نوجوانوں کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا دنیا میں جہاں بھی تبدیلی یا آزادی کی تحریکیں کامیاب ہوئیں ان میں نوجوانوں نے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا مقبوضہ کشمیر کے اندر برہان مظفر وانی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے نوجوان اپنے سروں کی فصلیں آزادی کے لیے کٹوا رہے ہیں آزاد خطے کے نوجوان بھی اپنا کردارا دا کریں ،انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی سے خوفزدہ ہو کر دشمنوں نے نئے جال تیار کیے ہیں لیکن اس میں وہ بری طرح ناکام ہوں گے پاکستان کے خلاف بھی گھیرائو کیا جارہا ہے بھارت اسرائیل امریکہ کی سرپرستی میں پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں پوری قوم متحد و منظم ہو کر دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنائے انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کو دنیا بھر میں بے نقاب کرے ،نئے حالات میں اپنے بل بوتے پر دوست تلاش کرے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی طاقت ہے پوری امت مسلمہ اس کی پشت پر ہے یہ اللہ کے نام پر معروض وجود میں آیا ہے اس کے خلاف ہونے والی ہر سازش ناکام ہو گی ہمیں اپنے دوستوں اور دشمنوں کی پہچان کرتے ہوئے لائحہ عمل بنانا ہو گا ۔