سندھی عوام سے بے پنا ہ محبت کر تا ہوں ،جلد سندھ کا دورہ کرونگا ، نوازشریف

جب بھی سندھ گیا مجھے بہت پیار اور احترام ملا ، سندھ پاکستان کی دیگر اکائیوں کی طرح مجھے بہت عزیز ہے،سندھ صوفیوں اور قلندروں کی سر زمین ہے مسلم لیگ (ن) کے قا ئد محمد نوازشریف کی اسد محمد خان جونیجو سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 24 اگست 2017 16:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 اگست2017ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے قا ئد محمد نوازشریف نے کہا کہ میں سندھ کے عوام سے بے پنا ہ محبت کر تا ہوں ۔ انھوں نے کہا کہ جب بھی سندھ گیا وہاں کی عوام نے مجھے بہت پیار اور احترام دیا۔ نواز شریف نے کہا کہ سندھ پاکستان کی دیگر اکائیوں کی طرح مجھے بہت عزیز ہے۔ سندھ صوفیوں اور قلندروں کی سر زمین ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسد محمد خان جونیجو سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے رائے ونڈ لاہور میں محمد نوازشریف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران اسد جونیجو نے کہا ہے کہ پاکستان کا استحکام ، مسلم لیگ ن کے استحکام سے وابستہ ہے۔ میاں نواز شریف ہی پاکستان کی ترقی ، خوشحالی اور سالمیت کے ضامن ہیں۔ اہل سندھ اجتمائی مسائل کے حل کے لئے امید بھری نظروں سے نوازشریف کی جانب دیکھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اسد جونیجو نے اس موقع پر میاں نوازشریف کو سندھ آمد کی دعوت دی، جو انہوں نے قبول کر لی۔ میاں نواز شریف نے اسد جونیجو کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کو خوش آئیند قرار دیا۔ انہوں نے محمد خان جونیجو مرحوم کی سیاسی خدمات کو سراہا اور کہا کہ مسلم لیگ ن 2018 کے انتخابات میں صوبہ سندھ میں بڑی کامیابی حاصل کرے گی۔ ملاقات کے دوران گورنر سندھ محمد زبیر ، وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف، خواجہ سعد رفیق، سنیٹر پرویز رشید اور سنیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی بھی موجود تھے۔