یو ایس ایڈ پاکستان کی معیشت کو مضبوط کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھے گا،جری بیشن

خواتین انٹرپرینیورز کی ترقی کیلئے یوایس ایڈ چیمبر کے ساتھ تعاون کرے،اسلا م آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سنیئر نائب صدر خالد ملک

جمعرات 24 اگست 2017 17:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 اگست2017ء) یو ایس ایجنسی فار انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ (پاکستان) کے ایک وفد نے مشن ڈائریکٹر جری بیشن کی سربراہی میںاسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے عہدیدارن و ممبرا ن کے ساتھ نجی شعبے کی ترقی کیلئے دونوں اداروں کے مابین مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یوایس ایڈ پاکستان کے مشن ڈائریکٹر جری بیشن نے کہا کہ ان کا ادارہ نجی شعبے کی ترقی کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو مضبوط کرنے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ انہوںنے کہا کہ یوایس ایڈ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے نجی شعبے کے مالی وسائل کو بہتر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خطے میں تاجر برادری کا سب سے بڑا نمائندہ ادارہ ہے اور ان کے وفد کا چیمبر کا دورہ کرنے کا مقصد دونوں اداروں کے مابین مضبوط باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے تا کہ مشترکہ کوششوں سے اس ایم ای شعبے کو بہتر فروغ دیا جا سکے۔

اسلا م آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سنیئر نائب صدر خالد ملک نے یوایس ایڈ پاکستان کی ٹیم کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ چیمبر نے خواتین انٹرپرینورز کی ترقی کیلئے ایک ویمن بزنس گروتھ سینٹر قائم کیا ہوا ہے اور اس بات پر زور دیا کہ یو ایس ایجنسی فار انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ مذکورہ سنٹر کو مزید مضبوط کرنے کیلئے چیمبر کے ساتھ تعاون کرے تا کہ خطے کی مزید خواتین انٹرپرینیورز کو کاروبار کے فروغ میں سہولت فراہم کی جا سکے۔

انہوںنے کہا کہ ہمارے ملک کی نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے اور اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ یوایس ایڈ اور اور چیمبر خواتین کو معاشی طور پر خود مختار بنانے کے لئے مل کر کام کریں۔ چیمبر کے نائب صدر طاہر ایوب نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ یو ایس ایڈ کو چائیے کہ وہ خطے میں زراعت کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو فروغ دینے کے لئے چیمبر کا ساتھ دے۔

نجی شعبے کے نما ئندگان نے کہا کہ پاکستان میں توانائی کی قیمتیں خطے میں بہت زیادہ ہیںجس وجہ سے ہماری برآمدات کیلئے عالمی منڈی میں بہتر مقابلہ کرنا مشکل ہے۔ انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ یوایس ایڈ پاکستان کو چائیے کہ وہ توانائی شعبے کی ڈی ریگولیشن کے لئے حکومت پر دباؤ ڈالے جس سے توانائی شعبے میں مقابلے کا رجحان پیدا ہو گا، کارکردگی بہتر ہو گی اور توانائی کی قیمتیں کم ہونے سے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا۔

دونوں اداروں نے نوجوانوں کو کاروبار کی طرف راغب کرنے، صنعتی شعبے کی ضرورت کے مطابق ہنرمند افرادی قوت تیار کر نے اور ایس ایم ایز کے کردار کو مستحکم کرنے سمیت متعدد شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے پر غور کیا۔طارق صادق، محسن خالد، شعبان خالد، شیخ عامر وحید، را فت فرید، فاطمہ عظیم، زینت عائشہ، میاں وقاص اور دیگر نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور نجی شعبہ کی ترقی کے لئے یو ایس ایڈ اور چیمبر کے مابین باہمی تعاون کو فروغ دینے کے بارے میںتجاویز پیش کیں۔