دفاع پاکستان کونسل اور جماعة الدعوة کی اپیل پر کل امریکی دھمکیوں کے خلاف ملک گیر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے

جمعرات 24 اگست 2017 21:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اگست2017ء) دفاع پاکستان کونسل اور جماعة الدعوة کی اپیل پر کل بروزجمعة المبارک امریکی دھمکیوں کے خلاف ملک بھر میںاحتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے ، وفاقی دارالحکومت میں بڑا مظاہرہ جامع مسجد قباء آئی ایٹ مرکز کے باہر کیا جائے گا جس میں دفاع پاکستان کونسل میں شامل جماعتوں اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنما خطاب کریں گے ، جماعة الدعوة اسلام آباد کے مسئول شفیق الرحمن نے اس امر کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امریکی دھمکیاں پاکستان کی سلامتی و خودمختاری پر حملہ اورکھلا اعلان جنگ ہے۔

پوری پاکستانی قوم کسی قسم کی جارحیت کے مقابلہ کیلئے افواج پاکستان کے ساتھ ہے اور ملکی دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

امریکہ ایٹمی پاکستان کو اپنی کالونی نہ سمجھے۔ٹرمپ کی دھمکیوں کو ٹھنڈے پیٹوں برداشت نہیں کیا جائے گا۔چین کی طرف سے پاکستان کی دو ٹوک حمایت کا اعلان خوش آئند ہے چئیرمین سینیٹ رضا ربانی کے بیان پر پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے انہوں نے جس انداز میں امریکی دھمکیوں کا جواب دیا ہے وہ قابل تحسین ہے ،امریکی صدر بھارتی زبان مت بولیں،امریکہ بھارت کو افغانستان میں رول دینا چاہتا ہے تا کہ بھارت پاکستان کے خلاف جنگ لڑ سکے۔

امریکی صدر اپنا لب و لہجہ درست کریں، پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے ، امریکی دھمکیوں کو ٹھنڈے پیٹوں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ امریکی افغانستان میں شکست کا ذمہ دار پاکستان کو سمجھتے ہیں اسی لئے بدلہ لینا چاہتے ہیں۔ پاکستان کی کوئی خارجہ پالیسی نظر نہیں آ رہی شفیق الرحمن نے کہا کہ امریکہ افغانستان میں شکست کھا چکا ہے اور بھارت کشمیر میں پھنسا ہوا ہے اپنی پوری قوت کے باوجود بھی بھارت کشمیرمیں تحریک آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے انہوں نے کہا کہ اگرامریکہ نے کوئی ایسی غلطی کی تو پاکستان امریکیوں کا قبرستان بن جائے گا اور افغانستان کی طرح اسے فرار بھی نہیں ہونے دیا جائے گا ۔۔۔۔۔۔۔اعجاز خان