انجمن غلامانِ فریال تالپور آزادکشمیرکے عام انتخابات میں شرم ناک شکست کے زخم چاٹ رہی ہے،مشتاق منہاس

زرداری ہائوس کے غلاموں کو (ن )لیگ آزادکشمیرکی بااختیار اور مثالی حکومت ایک آنکھ نہیں بہا رہی ہے،مسترد شدہ عناصر اپنی سیاسی دوکان چمکانے کیلئے بد نیتی پر مبنی مہم چلا رہے ہیں پیپلز پارٹی کی طرف سے میرٹ اور اداروں کے استحکام کی بات کرنا قیامت کی نشانی ہے، وزیر اطلاعات آزاد کشمیر کا پیپلز پارٹی کی طرف سے حکومت کیخلاف جاری کیے جانے والے وائٹ پیپر پرردعمل کا اظہار

جمعہ 25 اگست 2017 18:51

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اگست2017ء) وزیراطلات ، سیاحت و آئی ٹی آزاجموںوکشمیرراجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ انجمن غلامانِ فریال تالپور آزادکشمیرکے عام انتخابات میں شرم ناک شکست کے زخم چاٹ رہی ہے ۔زرداری ہائوس کے غلاموں کو آزادکشمیرکے دو تہائی عوام کے مینڈیٹ کے ساتھ برسر اقتدار آنے والی مسلم لیگ ن آزادکشمیرکی بااختیار اور مثالی حکومت ایک آنکھ نہیں بہا رہی ہے ۔

مسترد شدہ عناصر اپنی سیاسی دوکان چمکانے کیلئے بد نیتی پر مبنی مہم چلا رہے ہیں ۔راجہ محمد فاروق حیدر خان کی حکومت کے خلاف وائٹ پیپر جاری کرنے والوں کا گزشتہ پانچ سالہ دور حکومت سیاہ عنوان سے عبارت ہے ۔ پیپلز پارٹی کی طرف سے میرٹ اور اداروں کے استحکام کی بات کرنا قیامت کی نشانی ہے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ دورحکومت میں علی بابا اور چالیس چوروں نے جس طریقے سے ریاستی وسائل کی لوٹ مار کی اس کے سامنے صومالیہ کے بحری قزاق بھی شرماتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز پیپلز پارٹی آزادکشمیرکی طرف سے حکومت کے خلاف جاری کیے جانے والے وائٹ پیپر پرردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت عام انتخابات میں کیے گئے وعدوں پر عملدآمد کے لیے کوشاں ہے ۔تاریخ میں پہلی بار موجودہ حکومت نے ایکٹ 1974میں ترمیم کیلئے وفاق کی سطح پر نتیجہ خیز کوشش کی جس پر وفاقی وزراء اور آزادکشمیرکے حکومتی نمائندگان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ،یہ کمیٹی آزادکشمیرکے عبوری آئینی ایکٹ میں ترمیم کیلئے کام کررہی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ پیپلزپارٹی کے دورحکومت میں آئینی ترمیم کا جو مسودہ تیار کیا گیا تھا اس پر جو پیش رفت ہوئی تھی ہم اس سے بخوبی واقف ہیں وائٹ پیپر جاری کرنے والوں کی حکومت کے بنائے گے اس مسودے کو زرداری ہائوس نے ردی کے ٹوکری کی نظر کردیا تھا ۔انہوں نے پیپلزپارٹی کی قیادت کو کھلا چیلنج کیا کہ وہ آئینی ترمیم پر اپنی حکومت کے دوران کی جانے والی پیش رفت منظر عام پر لائیں ورنہ اس کی حقیقت ہم عوام پر عیاں کریں گے ۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے جعلی تعلیمی پیکیج تیار کرکے اداروں کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا جسے اب موجود حکومت میرٹ اورشفافیت کی بنیاد پر دوبارہ شروع کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ایک سال کے دوران فری میڈیکل ایمر جنسی سروسز کا آغاز کیا جس کے تحت محکمہ صحت عامہ کے 10اضلاع کے ہسپتالوں کے اندر مفت علاج اور ادویات مہیا کی جارہی ہیں ۔

جبکہ کینسر کے مریضو ں کے مفت علاج کیلئے تین ارب بیس کروڑ روپے کا ایک بین الاقوامی کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا جاچکا ہے ۔انہوںنے کہا کہ موجود حکومت نے ایک سال کے اندر عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک ارب تیس کروڑ پچاس لاکھ روپے مختص کیے جس کے تحت شفافیت کے ساتھ پورے آزادکشمیرمیں منصوبے لگائے گے ۔تاریخ میں پہلی بار یہ منصوبے زمین پر نظر آرہے ہیں۔