امریکہ تعلیمی معیار کی بہتری کی غرض سے پاکستان کے ساتھ پارٹنرشپ کیلئے کوشاں ہے، یو ایس ایڈ کے مشن ڈائریکٹر

جمعہ 25 اگست 2017 19:04

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اگست2017ء) یو ایس ایڈ کے مشن ڈائریکٹر جیری بیسن نے کہا ہے کہ امریکہ تعلیمی معیار کی بہتری کی غرض سے پاکستان کے ساتھ پارٹنرشپ کیلئے کوشاں ہے، تعلیم کا اقتصادی اور سماجی ترقی میں بنیادی کردار ہے، گلگت بلتستان میں یو ایس ایڈ نے 470 سکولوں کے تقریباً 790 اساتذہ کو تربیت فراہم اور 29 ہزار پرائمری طلباء تک رسائی حاصل کی ہے۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کو قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں فیکلٹی آف ایجوکیشن کے عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں صدر مملکت نے یو ایس ایڈ کے مالی تعاون سے نئی عمارت کا افتتاح کیا۔ کے آئی یو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ نئی عمارت ان 17 فیکلٹیز آف ایجوکیشن میں سے ایک ہے جو یو ایس ایڈ نے تعمیر یا بحال کئے ہیں۔

مشن ڈائریکٹر جیری بیسن نے کہا کہ امریکہ حکومت پاکستان کے ساتھ پارٹنرشپ سے ملک بھر میں تعلیمی معیار کی بہتری کیلئے کوشاں ہے۔ ان جدید ترین سہولتوں سے آئندہ کئی نسلوں تک پاکستانی اساتذہ کو تربیت اور عالمی مسابقت کا مقابلہ کرنے میں آسانی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم اقتصادی اور سماجی ترقی کا اہم عنصر ہے۔