بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی کی خارجہ تعلقات کمیٹی تشکیل دیدی، سینیٹر شیری رحمان کنونیئر مقرر

سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر، سینیٹر فرحت اللہ بابر،سینیٹر سلیم مانڈوی والا،سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی ،فوزیہ حبیب، مطلوب انقلابی، پلوشہ خان، عمران ندیم اور فتح محمد حسنی کمیٹی میںشامل

جمعہ 25 اگست 2017 19:37

بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی کی خارجہ تعلقات کمیٹی تشکیل دیدی، ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اگست2017ء) چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کی خارجہ تعلقات کمیٹی تشکیل دیدی ہے جس کا کنونیئر سینیٹر شیری رحمان کو مقررکیاگیا ،کمیٹی میں سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر،سینیٹر فرحت اللہ بابر،سینیٹر سلیم مانڈوی والا،سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی ،فوزیہ حبیب، مطلوب انقلابی، پلوشہ خان، عمران ندیم اور فتح محمد حسنی شامل ہیں۔

جمعہ کو چیئر مین پیپلز پارٹی کے پولیٹیکل سیکٹری قیوم سومرو کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کہ مطابق سینیٹر شیری رحمان کی قیادت میںایک کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ پیپلز پارٹی کی خارجہ تعلقات کمیٹی میں سینیٹر سلیم مانڈویوالا، سینٹر فرحت اللہ بابر، فیصل کریم کنڈی، فوزیہ حبیب، مطلوب انقلابی، پلوشہ خان، حنا ربانی کھر، عمران ندیم اور فتح محمد حسنی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

شیری رحمان نے اس معاملے پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ پاکستان کے لئے سب سے مضبوط اور واضح خارجہ پالیسی دی ہے۔ شہیدذوالفقار بھٹو سے لیکر شہید محترمہ بینظیر بھٹو تک اور صدر زردارسے لیکر آج چیئرمین بلاول بھٹو کہ دور میں پیپلزپارٹی نے خارجہ پالیسی پر واضح ایجنڈا مرتب کیے ہیں، ہم نے پاکستان اور پاکستان کے سب سے بہتر مفادات کی پالیسیز دی ہیں۔

شیری رحمان نے کہا کہ جمہوری توانائی سے لے کر میزائیل ٹیکنالوجی کی صلاحیت تک اور گوادر پورٹ چائنہ کے حوالے کرنے جیسے اہم ترین فیصلے پی پی پی قیادت نے کیے ہیں۔ پی پی پی نے پاکستان کی سرحدوں اور پاکستان کے حاکمیت کی حفاظت کے لئے بنیادی اور تاریخی اقدامات کیے ہیں۔ شیری رحمان نے کہا کہ میں پر امید ہوں کہ خارجہ تعلقات کمیٹی پارٹی کی ایک اہم کمیٹی ہوگی ۔کمیٹی موجودہ اور آئندہ آنے والے چیلنجز کو نمٹنے اورقومی ردعمل کے حوالے سے قیادت اور اپنے ساتھیوں کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہوں۔