Live Updates

عمران خان نیا پاکستان نہیں بنا سکتے ،ساڑھے چار سال کے دوران پی ٹی آئی عوام کے سامنے بے نقاب ہوگئی ہے ، انور سیف اللہ خان

جمعہ 25 اگست 2017 19:52

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اگست2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن اور سابق وفاقی وزیر انور سیف اللہ خان نے خیبر پختونخوا کے اگلے وزیر اعلیٰ کے لئے اپنے آپ کو پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دفعہ وزارت اعلیٰ پر ضلع لکی مروت کے عوام کا حق ہے اور وہ اسے ہر صورت حاصل کرکے رہیں گے کیونکہ نہ صرف لکی مروت بلکہ جنوبی اضلاع کی پسماندگی و محرومیاں محض ایک دو وزارتوں سے ختم نہیں کی جاسکتیں اس لئے وزارت اعلیٰ لکی مروت لاکر ہی دم لیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے دور روزہ دورے کے دوران یونین کونسل لکی ٹو میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا دیگر مقررین میں ضلع ناظم اشفاق احمد خان مینا خیل، چیف آف خوئیداد خیل حاجی محمد اقبال خان اور ڈسٹرکٹ کونسلر شفقت اللہ خان شامل تھے انور سیف اللہ خان نے کہا کہ عمران خان نیا پاکستان نہیں بنا سکتے گذشتہ ساڑھے چار سال کے دوران پی ٹی آئی عوام کے سامنے بے نقاب ہوگئی ہے نئے پاکستان کا خواب نوجوان بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں شرمندہ تعبیر کریں گے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہی ملک کو بحرانوں سے نکالنے اور اسے ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ہمارے قائدین نے ملک و قوم کی خاطر قربانیاں دیں اور شہادتیں گلے لگائیں انور سیف اللہ خان نے لوگوں سے کہا کہ مخالفین کو مسترد کردیں جو دولت سمیٹنے کے لئے اسمبلیوں اور اقتدار تک رسائی چاہتے ہیں وہ خوشحالی ،روزگار اورتترقی کے حصول کے خواہاں ہیں تو سیف اللہ برادران کے ہاتھ مضبوط کریں انہوں نے جنوبی ایشیا اور خاص کر پاکستان سے متعلق نئی امریکی پالیسی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ افغانستان میں دہشت گردوں کو شکست نہ دینے کی ذمہ داری پاکستان پر نہ ڈالے اور افغانستان کو اپنے حال پر چھوڑ دے تاکہ افغان عوام اپنی قسمت کا فیصلہ خود کرسکیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات