امریکی صدر کی دھمکیوں کیخلاف مذہبی جماعتوں کا یوم احتجاج،دفاع پاکستان

کونسل ،جماعة الدعوة ،مجلس وحدت المسلمین ودیگر کے ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں احتجاجی مظاہرے،امریکی پرچم نذرآتش، ٹرمپ کا بیان ملکی خود مختاری پر حملہ ہے۔امریکہ کے ڈو مور کے جواب میں نو مور کہنے کا وقت آچکا ہے،مقررین

جمعہ 25 اگست 2017 21:04

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اگست2017ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نئی افغان پالیسی میں پاکستان کو دھمکیوں پر مذہبی جماعتوں نے جمعہ کو ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھرمیں یوم احتجاج منایا،ریلیاں نکالی گئیں اوراحتجاجی مظاہرے کیے گئے جبکہ خطبات جمعہ میں مذمتی قرادادیں منظورکی گئیں،ملتان میں دفاع پاکستان کونسل،جماعت الدعوہ ،مجلس وحدت المسلمین ودیگر نے امریکی صدرکی دھمکیوں پر ریلیاں نکالیں،دفاع پاکستان کونسل اورجماعت الدعوہ کی جانب سے ملتان میں چوک نواں شہر پرریلی نکالی گئی جس کی قیادت امیرجماعت الدعوہ جنوبی پنجاب ابومعاذ عمران اورضلعی مسئول میاں سہیل احمد نے کی ،ریلی میں طلبا، سول سوسائٹی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر پاکستان کے حق میں اور امریکہ مخالف نعرے درج تھے۔مظاہرین نے امریکہ اور بھارت کے خلاف سخت نعرے بازی کی،اس موقع پر مظاہرین میں امریکہ کے خلاف شدید غم و غصہ دیکھنے میں آیا، جبکہ مظاہرے کے اختتام پر امریکی کا جھنڈا بھی جلایا گیا۔احتجاجی مظاہرین کے شرکاء کی جانب سے پاک افغان کا رشتہ کیا ،لا الہ الا اللہ، امریکہ کا جو یار ہے ،غدار ہے غدار ہے،امریکہ کے یہ ضابطے ہم نہیں مانتے،کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے جاتے رہے۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جماعة الدعوة جنوبی پنجاب کے مسئول ابو معاذ عمران کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کا بیان ملکی خود مختاری پر حملہ ہے۔امریکہ کے ڈو مور کے جواب میں نو مور کہنے کا وقت آچکا ہے۔افغانستان میں مزید فوج داخل کرنے سے عدم استحکا م بڑھے گا۔ امریکی صدرکی غاصب بھارت کی تعریف خطہ کا امن برباد کرنے کے مترادف ہے۔بھارت امریکی شہ پر خطے کے حالات خراب کر رہا ہے۔

دہشت گردی کا تو صرف بہانہ ہے ، امریکہ اور بھارت کا اصل ہدف سی پیک کو نقصان پہنچانا ہے۔حکومت پاکستان امریکی صدر کی دھمکیوں پر خاموشی اختیارکرنے کی بجائے دنیا کے سامنے پاکستان کیخلاف سازشوں کو کھل کر واضح کرے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیرمیں دہشت گردی کیلئے بھارت کو امریکہ اور اسرائیل کی پشت پناہی حاصل ہے۔ دفاع پاکستان کونسل کشمیر میں جاری ظلم و بربریت، دہشت گردی اور کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی سخت مذمت کرتی ہے۔

پاکستا ن میں دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی کا پروپیگنڈا امریکہ کی سرپرستی میں خطہ میں کی جانے والی اپنی دہشت گردی کو چھپانے کی ناکام کوشش ہے۔افغانستان میں مزید فوج داخل کرنے سے عدم استحکا م بڑھے گا۔امریکہ اور اس کے اتحادی خطہ سے نکل جائیں یہاں امن قائم ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی طرف سے دہشت گردی کیخلاف جنگ کیلئے پاکستان کو اربوں ڈالر دینے کی باتیں غیور پاکستانی قوم کی توہین ہیں۔

افواج پاکستان اور عوام نے پیسوں کیلئے نہیں ملکی دفاع کیلئے قربانیاں پیش کی ہیں۔ حکمران امریکی امداد لینے سے انکار کریں اور واضح پیغام دیں کہ پاکستان امریکی کالونی نہیں ایک آزاد خودمختار ایٹمی ملک ہے۔ کسی قسم کی امریکی ڈکٹیشن کو قبول نہیں کیا جائے گا۔دریں اثناء امریکی صدرکی دھمکیوں پر مجلس وحدت المسلمین نے بھی جنوبی پنجاب بھرمیں ریلیاں نکالیں ،ملتان میں جامعہ الحسین سے گلشن مارکیٹ تک ریلی نکالی گئی جس میں ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کو امریکی کالونی عراق یا شام نہیں بننے دیں گے۔امریکی صدر کی دھمکیوں کے جواب میں آرمی چیف کے جرات مندانہ بیان کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکی صدرکی ہرزہ سرائی پرحکومتی خاموشی ملکی استحکام کی پامالی ہے۔