سابق کرکٹرز کا ورلڈ الیون کی پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار

ورلڈ الیون کے کرکٹرز کو دورہ پاکستان پر اور پی سی بی کو اپنا وعدہ نبھانے پر خراج تحسین پیش کرنا چاہیے ،ْتینوں میچوں کے دوران قذافی سٹیڈیم کو تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا دیکھیں گے ،ْ ایونٹ کے انعقاد سے غیر ملکی کرکٹ ٹیموں کو بھی پاکستان آنے کا حوصلہ اور تحرک ملے گی ،ْ معین خان ،ْشاہد آفریدی ،ْ رمیز راجہ ،ْ وقار یونس

ہفتہ 26 اگست 2017 12:56

سابق کرکٹرز کا ورلڈ الیون کی پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اگست2017ء) سابق کرکٹرز نے ورلڈ الیون کی پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ورلڈ الیون کے کرکٹرز کو دورہ پاکستان پر اور پی سی بی کو اپنا وعدہ نبھانے پر خراج تحسین پیش کرنا چاہیے ،ْتینوں میچوں کے دوران قذافی سٹیڈیم کو تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا دیکھیں گے ،ْ ایونٹ کے انعقاد سے غیر ملکی کرکٹ ٹیموں کو بھی پاکستان آنے کا حوصلہ اور تحرک ملے گی ۔

ا یک انٹرویو میں قومی ٹیم کے ایک اور سابق کپتان معین خان نے ورلڈ الیون کی آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں انٹرنیشنل کرکٹ کمیونٹی نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے زیادہ کچھ نہیں کیا تاہم خوشی ہے کہ اب ورلڈ الیون پاکستان کا دورہ کرے گی۔

(جاری ہے)

ماضی کے مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز نے کہا کہ مجھے اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ اس سیریز کے انعقاد سے نہ صرف ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ سیریز بحال ہوگی بلکہ آئی سی سی کے ایونٹس اور اجلاس بھی ہوں گے۔

سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہاکہ یہ پاکستان کرکٹ کے لئے بڑی کامیابی ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹرز کو پاکستان میں کھیلنے کیلئے آمادہ کرلیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کھیلوں کے لئے محفوظ ملک ہے اور ہم سب کو مثبت قدم اٹھانے پر انٹرنیشنل کرکٹرز، پی سی بی اور آئی سی سی کا شکریہ ادا کرنا چاہیے اور اس سیریز کے انعقاد کو کامیاب بنانا چاہیے۔

سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ نے کہا کہ اس سیریز کے انعقاد کو سراہا جانا چاہیے اور ورلڈ الیون کے کرکٹرز کو دورہ پاکستان پر اور پی سی بی کو اپنا وعدہ نبھانے پر خراج تحسین پیش کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہم تینوں میچوں کے دوران قذافی سٹیڈیم کو تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا دیکھیں گے ۔سابق کپتان و سابق ہیڈ کوچ وقار یونس نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے حال ہی میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی حاصل کی ہے اور قومی کھلاڑیوں کا حق بنتا تھا کہ وہ ملکی شائقین کرکٹ کے سامنے بھی پرفارم کریں۔

انہوں نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ یہ سیریز کامیاب ہوگی اور اس کے انعقاد سے دیگر غیر ملکی کرکٹ ٹیموں کو بھی پاکستان آنے کا حوصلہ اور تحرک ملے گی۔