افواہیں گردش کررہی ہیں کہ این آر او پر کام ہورہا ہے ، شیخ رشید

اپنی جائیدایں بچانے کیلئے چور دروازے استعمال کئے جارہے ہیں،سپریم کورٹ اپنے فیصلے پر نیب سے خود عمل کرائے،میڈیا سے گفتگو

پیر 28 اگست 2017 15:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اگست2017ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ افواہیں گردش کررہی ہیں کہ این آر او پر کام ہورہا ہے ، اپنی جائیدایں بچانے کیلئے چور دروازے استعمال کئے جارہے ہیں ، سپریم کورٹ اپنے فیصلے پر نیب سے خود عمل کرائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کیا ۔

(جاری ہے)

شیخ رشید نے کہا کہ نیب نے 28 جولائی کو ایک ہفتے میں اپیل دائر کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی چیئرمین نیب اور پراسکیوٹر جنرل غیر جانبدارانہ کام کے پابند ہیں مگر میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب نے اپیل دائر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے سات دن بعد چیئرمین نیب کو یقین دہانی سے متعلق نوٹس بھجوایا جس میں استدعا کی تھی کہ اپنے فیصلے پر عملدرآمد کرائیں مگر چیئرمین نیب نے تاحال جواب نہیں دیا انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ سے کہا ہے کہ ریفرنس دائر کرنے کی نیب کو تنبیہ کی جائے درخواست میں نااہلی شامل کرے ایک ہی ٹکٹ میں دو مزے لینے کی کوشش کی ہے کیونکہ میں کوئی پروفیشنل وکیل نہیں اس لئے کوشش کی ہے دیکھتے ہیں عدالت کیا کرتی ہے شیخ رشید احمد نے کہا کہ جے آئی ٹی نے حدیبیہ پیپلر ملز کیس کی تفصیلی تحقیقات کیں تحقیقات میں نواز شریف اور اسحاق ڈار منی لانڈرنگ میں ملوث پائے گئے لیکن حکمران کی جانب سے اپنی جائیدادیں بچانے کی کوشش کی جارہی ہے اور چور دروازے سے داخل ہوکر این آر او پر عمل کرانے کی کوشش ہورہی ہے انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 62،63 پر کیس صرف نواز شریف کیخلاف کیا تھا اور جب تک اسمبلی ہے ٰ62,63 زندہ رہے گی اور کوئی طاقت اسے تبدیل نہیں کرسکتی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے گزشتہ روز ایل این جی اسٹیشن کا افتتاح کیا جس میں ان کی پارٹنر شپ ہے جس معاہدے کی دستاویزات سامنے آئینگی تو عدالت میں جائینگے ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ امریکہ کے معاملہ میں ساری قوم ایک ہے بھارت امریکہ کے اشارے پر کام کررہا ہے ٹرمپ دنیا کا غیر مقبول ترین سربراہ ہے ڈونانلڈ ٹرمپ کی مقبولیت میں 47فیصد کمی ہوئی ہے امریکہ کو اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنا ہوگی مودی دنیا کے دھوکے باز اور اسلام دشمن سربراہ ہیں جبکہ بھارتی آرمی چیف نے کہا ہے کہ سی پیک ان کی سالمیت کیلئے خطرہ ہے یہ سب امریکہ کی چال ہے اور امریکہ پاکستان پر دبائو بڑھانا چاہتا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کیخلاف ہے اور ہم نے دہشتگردی کیخلاف بہت سی قربانیاں دی ہیں اور ہم نے دہشتگردوں کا صفایا کیا ہے انہوں نے مزید کہا کہ ٹرمپ اور نواز شریف کی مقبولیت ایک جیسی ہے جو روز با روز کم ہوتی جارہی ہے