قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے مواصلات کا اجلاس

حسن ابدال تا حویلیاں موٹروے دسمبر 2017ء میں مکمل کی جائے گی‘ پشاور نادرن بائی پاس کو چار حصوں میں تقسیم کر کے تعمیر کیا جارہا ہے‘ لواری ٹنل امسال سارا سال کھلا رہے گا اور سردیوں میں بھی عام ٹریفک کو گزرنے کی سہولت میسر آئے گی‘ کمیٹی کو بریفنگ

پیر 28 اگست 2017 23:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اگست2017ء) قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے مواصلات کا اجلاس پیر کو یہاں انجینئر حامد الحق خلیل کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ مجلس قائمہ کو بتایا گیا کہ حسن ابدال تا حویلیاں موٹروے دسمبر 2017ء میں مکمل کی جائے گی۔ اگرچہ این ایچ اے کی کو شش تھی کہ منصوبہ اگست 2017ء میں مکمل کر دیا جائے مگر شدید بارشوں کی وجہ سے منصوبے کو دسمبر سے پہلے مکمل کرنا از بس دشوار ہو گا۔

مجلس قائمہ نے وزارت مواصلات کو ہدایت کی کہ وہ موٹروے کے اس منصوبے کو بروقت مکمل کرے۔ مجلس قائمہ نے یہ بھی ہدایت کی کہ حویلیاں تا مانسہرہ اور مانسہرہ تا تھا کوٹ روڈ کو بھی بروقت مکمل کیا جائے۔ مجلس قائمہ کو بتایا گیا کہ پشاور نادرن بائی پاس کو چار حصوں میں تقسیم کر کے تعمیر کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

پہلا حصہ ایم ون تا چارسدہ روڈ بہت پہلے مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ باقی تین حصوں پر کام شروع کر دیا گیا ہے اور اس کو بروقت مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

مجلس قائمہ نے ہدایت کی کہ اگر ڈی سی پشاور یا صوبائی حکومت کی طرف سے کو ئی تاخیر ہو تو ایم این اے انجینئرحامد الحق خلیل اور عثمان خان ترکئی کو اطلاع دیکر ان کے ذریعے معاملہ کو خوش اسلوبی سے حل کیا جائے مگر اس اہم منصوبے پر مزید تاخیر برداشت نہیں کی جا سکتی۔ مجلس قائمہ نے این ایچ اے کو ہدایت کی کہ وہ جلداز جلد جنوبی بائی پاس کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے۔

مجلس قائمہ کو بتایا گیا کہ لواری ٹنل امسال سارا سال کھلا رہے گا اور سردیوں میں بھی عام ٹریفک کو گزرنے کی سہولت میسر آئے گی۔ مجلس قائمہ کو بتایا گیا کہ ٹوپی-صوابیطمردان روڈ 62 کلومیٹر طویل ہے اور چھ اضلاع کو پشاور سے ملا تی ہے۔ مگر یکرو یہ سڑک ہونے کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مجلس قائمہ نے ہدایت کی کہ اس سڑک کو جی ٹی روڈ سے منسلک کرنے اور دو رویہ کرنے کے لیے جائزہ لیا جائے اور بی او ٹی کی بنیاد پر بھی دیکھا جائے کہ آیا یہ بنائی جا سکتی ہے۔

مجلس قائمہ نے عثمان خان ترکئی کی ذمہ داری لگائی کہ وہ صوبائی حکومت سے رابطہ کر کے اس سڑک کے بارے میں تازہ ترین معلومات لیں تاکہ اس روڈ کو وفاق کے حوالے کرنے کے معاملے پربھی غور کیا جاسکے۔ اجلاس کی صدارت پی ٹی آئی کے ممبر قومی اسمبلی انجینئر حامد الحق خلیل نے کی جبکہ اجلاس میں ممبران قومی اسمبلی سرزمین ، میر شبیر علی بجارانی، سلیم رحمن ، عثمان خان ترکئی ، شاہجہان منیر مانگریو کے علاوہ وزیر مملکت چوہدری محمدجنید انور، سیکرٹری مواصلات صدیق میمن اور دیگر اعلیٰ سول افسران نے شرکت کی۔