کنٹرول لائن پر سیز فائر کی خلاف ورزی ، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفترخارجہ طلبی ، احتجاج ریکارڈ کرایا گیا

بھارت اپنی حرکتوں سے باز رہے،اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی پابند ی کرے، ڈائریکٹر جنرل (جنوبی ایشیاء اور سارک) ڈاکٹر محمد فیصل

پیر 28 اگست 2017 23:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اگست2017ء) پاکستان نے بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن پر سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزی کرنے پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ہے ۔ دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل (جنوبی ایشیاء اور سارک) ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی فوج کے ہاتھوں سیز فائر کی خلاف ورزی کرنے پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے، پی ، سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کیا ہے ۔

بھارتی افواج نے روالا کوٹ کی سرحد پر بلااشتعال فائرنگ کرتے ہوئے تین شہریوںکو ہلاک اور دو کو زخمی کردیا ، ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل تھی۔دفترخارجہ کے مطابق رواں سال 2017ء میں بھارتی افواج سرحد پر 600مرتبہ سیز فائر اور ورکنگ بائونڈری کی خلاف ورزی کرچکا ہے۔

(جاری ہے)

جس کے نتیجے میں28بے گناہ شہری شہید اور 113زخمی ہوئے۔ جبکہ گزشتہ سال بھارتی فوج نے 382مرتبہ سرحدی خلاف ورزی کی ۔

پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے کہاہے کہ سرحدوں پر بلااشتعال فائرنگ کرنا کسی بھی ملک کی خودمختیار ی کو للکارنے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، لہذا بھارت اپنی حرکتوں سے باز رہے۔ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ بھارتی حکومت کو سال 2003ء کے معاہد ے کے تحت سیز فائر کی خلاف ورزی کی تفتیش کرنا ہوگی اور اپنی افواج کو پابند کرنا ہوگا۔ انہوں نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی پابند ی کرے۔شمیم محمود