سپیکر سردار فاروق احمد کی زیر صدارت آزاد جموں وکشمیر اسمبلی کا اجلاس

آزادکشمیر میں رہنے والے بے گھر افراد کا تعلق مقامی باشندوں ،مہاجرین جموں وکشمیر سے ہے ، سردارفاروق حیدر حکومت آزادکشمیر میں بے گھر افراد کے اعداد و شمار اکٹھے کر رہی ہے ،گزشتہ 10سال سے الاٹ ہونیوالی سرکاری زمین کی تفصیل بھی حاصل کی جا رہی ہے ،رپورٹ ایوان میں پیش کریں گے، وزیراعظم آزاد کشمیر

منگل 29 اگست 2017 16:49

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2017ء) آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس منگل کے روز ڈپٹی سپیکر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی سردار فاروق احمد طاہر کی زیر صدارت تلاوت کلام پاک سے شروع ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں ممبر اسمبلی چوہدری رخسار احمد کے قلیل المہلت سوال کے جواب میں وزیراعظم آرادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ آزادکشمیر میں رہنے والے بے گھر افراد کا تعلق مقامی باشندوں اور مہاجرین جموں وکشمیر سے ہے حکومت آزادکشمیر میں بے گھر افراد کے اعداد و شمار اکٹھے کر رہی ہے اور گذشتہ 10سال سے الاٹ ہونے والی سرکاری زمین کی تفصیل بھی حاصل کی جا رہی ہے اور یہ رپورٹ ایوان میں پیش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے بعد بے گھر افراد کے لئے سرکاری اراضی کی الاٹمنٹ کے معاملات یکسو کیئے ہو سکیں گے۔

(جاری ہے)

ممبر اسمبلی ملک محمد نواز کے ایک اور قلیل المہلت سوال کے جواب میں وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ وسائل کے اندر رہتے ہوئے آزادکشمیر میں قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کی امداد کی جاتی ہے اور کسی بھی ضلع سے امتیازی سلوک نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ڈویژن کی سطح پر جہاں پر بھی سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ یا دیگر کوئی بھی قدرت آفت آتی ہے امداد کی جاتی ہے علاوہ ازیں لائن آف کنٹرول پر شہید اور زخمی ہونے والوں کو بھی اسی فنڈ سے امداد کی جاتی ہے۔ اور اگر کسی ضلع میں زیادہ نقصان ہو جائے تو فنڈز منتقل بھی کیئے جائیں گے۔ ممبر اسمبلی سردار صغیر چغتائی کے سوال کے جواب میں وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ زلزلہ میں تعلیم، صحت عامہ، کمیونیکیشن اور دیگر انفراسٹرکچر مکمل تباہ ہو گیا تھا۔

بعد ازاں بیرون امداد سے آزادکشمیر میں بحالی کا عمل شروع ہوا اور کسی حکومت نے آنرشپ لی ہی نہیں جس کی وجہ سے کئی منصوبے بروقت مکمل نہیں ہو سکے۔ اجلاس میں ممبر اسمبلی علی رضا بخاری کے سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ ضلع حویلی میں ہائیڈل منصوبے مکمل ہونے سے بجلی کی ضروریات کو پوری ہو جائیں گی۔ اجلاس میں توجہ طلب نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا کہ کسی بھی عارضی ملازم کو فارغ نہیں کیا گیا بلکہ این ٹی ایس کے نفاذ سے میرٹ پر تقرریاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔

اجلاس میں ممبر اسمبلی عامر غفار لون کی رخصت کی درخواست ایوان نے منظور کی۔ اجلاس میں ممبر اسمبلی / چیئرمین مجلس قواعد انضباط کا رو استحقاقات چوہدری شہزاد محمود ایڈووکیٹ نے مجلس قواعد و انضباط کار و استحقاقات کی رپورٹ ایوان میں پیش کی جسے ایوان نے زیرغور لانے کے بعد اتفاق رائے سے منظور کر لیا۔