امریکی عدالت نے جعلی ڈگری اسکینڈل میں بدنام ایگزیکٹ کمپنی کے نائب صدرعمیر حامد کو 21 ماہ قید کی سزا سنادی

عمیر حامد نے 2016 میں جعلی ڈگریوں کے اجرا سے حاصل رقم جمع کرنے کے لیے بینک اکاؤنٹ کھولا ،ْامریکی استغاثہ

منگل 29 اگست 2017 17:20

نیو یارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2017ء) امریکی عدالت نے جعلی ڈگری اسکینڈل میں بدنام ایگزیکٹ کمپنی کے نائب صدرعمیر حامد کو 21 ماہ قید کی سزا سنادی۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امریکی عدالت نے جعلی ڈگریوں پرلوگوں سے کروڑوں کمانے والی کمپنی ایگزیکٹ کے نائب صدر عمیر حامد کو 21 ماہ قید ،ْ 53 لاکھ 3 ہزار 20 ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔

(جاری ہے)

امریکی استغاثہ کے مطابق عمیر حامد نے امریکا اور دیگرممالک میں جعلی ڈگریوں کے دھندے میں ایگزیکٹ کی مدد کی اور فرضی یونیورسٹیوں اورکالجوں کے نام سے ویب سائٹس رجسٹرڈ کرائیں، ایگزیکٹ کے تحت چلنے والی ویب سائٹس کے ذریعے مختلف کورسز کی مد میں فیسیں بھی لی گئیں۔ عمیر حامد نے 2016 میں جعلی ڈگریوں کے اجرا سے حاصل رقم جمع کرنے کے لیے بینک اکاؤنٹ کھولا اور اسی سال انہیں گرفتار کرلیا گیا، 6 اپریل 2017 میں عمیرحامد نے امریکی عدالت کے سامنے اعتراف جرم کرلیا۔ جج نے اپنے فیصلے میں کہا کہ عمیرحامد اور ان کی کمپنی نے معصوم لوگوں کو ڈگری کا جھانسا دے کر پیسے کمائے اور انہیں جعلی ڈگریاں تھمادیں۔