ریاستی حکومت گجرات فسادات میں تباہ ہوئی مذہبی عمارتوں کا ہرجانہ بھرنے کی پابند نہیں ،ْ بھارتی سپریم کورٹ

منگل 29 اگست 2017 21:45

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2017ء) بھارتی سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ 15 سال قبل گجرات میں ہونے والے فرقہ وارانہ فسادات میں تباہ ہونے والی مساجد اور دیگر مذہبی عمارات کی تعمیر نو کا خرچہ اٹھانا ریاستی حکومت پر لازم نہیں ۔سپریم کورٹ نے یہ فیصلہ منگل کو ایک اسلامی فلاحی تنظیم کی جانب سے دائر درخواست پر دیا۔سپریم کورٹ نے بھارتی ہائی کورٹ کی جانب سے دیے گئے فیصلے کو کالعدم کرتے ہوئے اپنے فیصلے میں کہا کہ گجرات کی ریاستی حکومت 2002 میں ہونے والے فرقہ وارانہ فسادات میں مذہبی عمارتوں کو نقصان کی تعمیر نو یا مرمت کا خرچہ نہیں اٹھائیگی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گجرات حکومت کے وکیل تشار مہتا نے عدالت کو بتایا کہ ریاستی حکومت نے خود ہی کچھ رقم مختلف عمارتوں، دکانوں اور مکانوں کی مرمت اور تعمیر نو کیلئے مختص کی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ریاستی حکومت کی اس سکیم کو منظور کیا اس سے قبل ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں ریاستی حکومت کو حکم دیا تھا کہ 2002 کے فسادات میں 500 مزارات کو نقصان پہنچا جس کی مرمت یا تعمیر نو کا خرچہ ریاستی حکومت اٹھائے۔یاد رہے کہ 2002 میں گجرات میں ہونے والے فسادات کے دوران نریندر مودی ریاست کے وزیر اعلیٰ تھے۔گودھرا میں 59 ہندو کارسیوکوں کے قتل کے بعد ہونے والے تشدد میں 1000 سے بھی زیادہ مسلمان ہلاک کر دئیے گئے تھے۔ ان کے ہزاروں مکانات اور دکانوں کو آگ لگا دی گئی تھی۔

متعلقہ عنوان :