ایشین مینز ہاکی چیمپئن شپ کیلیے قومی پلیئرز کی صلاحیتیں نکھارنے کا پہلا مرحلہ

عبدالستار ایدھی ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم کراچی کی بلو ٹرف پر مکمل ہوگیا

بدھ 30 اگست 2017 15:21

ایشین مینز ہاکی چیمپئن شپ کیلیے قومی پلیئرز کی صلاحیتیں نکھارنے کا ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اگست2017ء) ایشین مینز ہاکی چیمپئن شپ کیلیے قومی پلیئرز کی صلاحیتیں نکھارنے کا پہلا مرحلہ عبدالستار ایدھی ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم کراچی کی بلو ٹرف پر مکمل ہوگیا۔ایشین مینز ہاکی چیمپئن شپ کیلیے پاکستان ٹیم کے انتخاب کے سلسلے میں قومی تربیتی کیمپ کا پہلا مرحلہ عبدالستار ایدھی ہاکی کی بلوٹرف پر مکمل ہو گیا۔

کیمپ میں کمانڈنٹ کی ذمہ داری ادا کرنے والے قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ و منیجر اولمپئن فرحت خان کے مطابق ایشین ایونٹ کی تیاری کے سلسلے میں منعقدہ تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس کے ساتھ اسکلز کو بہتر بنانے کی کوشش کی گئی۔ایشین ہاکی فیڈریشن کے میگا ایونٹ کی تیاریوں کے سلسلے میں ممکنہ کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ کیلیے راولپنڈی میں ہونے والے 2 روزہ ٹرائلز میں شریک50 میں سے 38 کھلاڑیوں شارٹ لسٹ کیا گیا تھا، انہوں نے کہا کیمپ میں کھلاڑیوں میں محنت کرنے کا جذبہ امید افزا رہا، پاکستان ہاکی ٹیم کیلیے کوچ کی ذمہ داری ادا کرنے والے سابق قومی کپتان اولمپئن محمد سرور اور اولمپئن ملک شفقت کی معاونت سے کھلاڑیوں کی خامیوں کو سامنے لاکر اصلاح کی بھی کوشش ہوئی، مزید براں پنالٹی کارنر کے شعبہ کو بھی مضبوط تر بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کے فزیو اور سابق قومی کپتان اولمپئن ڈاکٹر عاطف بشیر کے ساتھ ایشیا کے معروف فزیکل کوچ نصراللہ کی خدمات سے بھی کھلاڑیوں کو بہت فائدہ پہنچا، نصراللہ نے کیمپ میں اسپیشل سیشن منعقد کرکے کھلاڑیوں کو جسمانی اور ذہنی طور پر مضبوط تر بنانے میں کافی مدد کی، ویڈیو اینالسٹ کی ذمہ داری ادا کرنے والے را ابوذر کی گول کیپنگ کوچنگ میں بھی معاونت کارگر رہی، انھوں نے کہا کہ عیدالاضحی کی تعطیلات کے بعد کیمپ کے شرکا دوبارہ یکجا ہوں گے، اس دوران کھیل میں مزید نکھار پیدا کرنے کی کوشش ہوگا۔

اولمپئن فرحت خان نے کہاکہ ایشیا ہاکی چیمپئن شپ کیلیے بھرپور تیاریاں کر رکھی ہیں، قومی ٹیم ایونٹ میں بہتر نتائج پیش کرے گی اور قوم کو مایوس نہیں کریگی۔ انھوں نے کہا کہ بنگلا دیش کے شہر ڈھاکا میں11 سے 22 اکتوبر تک کھیلے جانے والے 5 ویں ایشیا کپ میں سخت مقابلے متوقع ہیں،اعزاز کے دفاع کیلیے کوشاں روایتی حریف بھارت سمیت کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں لیا جا سکتا، انھوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم از سر نو تشکیل دور سے گزر رہی ہے، پی ایچ ایف عالمی ہاکی میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کیلیے ویژن 2020 پر عمل پیرا ہے، با صلاحیت کھلاڑیوں کو گروم کرکے بہتر نتائج حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ کیمپ کے دوسرے مرحلہ کے اختتام پر دو روزہ ٹرائلز کے بعد کھلاڑیوں کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا، روانگی سے قبل تک حتمی کیمپ منعقد کرکے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے کھیل میں مزید نکھار پیدا کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ایشیا کپ2017 میں 8 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں، ان میں پاکستان، بھارت، میزبان بنگلہ دیش، چین، جاپان، کوریا، ملائیشیا اور اومان شامل ہیں۔ قبل ازیں پاکستان اور بھارت 2،2 مرتبہ یہ ایونٹ جیت چکے ہیں، دفاعی چیمپئن بھارت نے ملائیشیا میں منعقدہ ایشیا کپ 2017 کے فائنل میں پاکستان کو3-2 سے قابو کرکے ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔