چیئرمین ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ ڈاکٹر جین مارک آلیو کی فاٹا ایمرجنسی سینٹر آمد

فاٹا میں پولیو کا خاتمہ اہم کامیابی ہے، پولیو ٹیموں میں خواتین کی شمولیت اور جنوبی وزیرستان اور ایف آر ٹانک میں انسداد پولیو مہموں کے معیار کو دوسرے علاقوں کے برابر لانے پر بھی توجہ دی جائے، پولیو کے خاتمے کے حوالے سے فاٹا میں منعقدہ اجلاس سے خطاب

بدھ 30 اگست 2017 23:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 اگست2017ء) چیئرمین ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ ڈاکٹر جین مارک آلیو نے فاٹا ٹیم کی کارکردگی کی سراہتے ہوئے کہا کہ فاٹا نے پولیوکیسز کی تعداد صفر تک محدود رکھ کر کر ایک اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے گورنر خیبر پختونخواہ اور اے سی ایس فاٹا کی سربراہی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ فاٹا میں حالیہ انسداد پولیو مہموں کے دوران پولیو کے خاتمے کی جانب قابل ذکر پیشرفت ہوئی ہے۔

انہوں نے یہ باتیں منگل کے روز ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) فاٹا میں منعقد ایک اجلاس کے دوران کہیں۔ ڈاکٹر جین مارک آلیو نے کہا کہ فاٹا میں پولیو کیسز کی تعداد کو صفر تک محدود رکھنے میں کامیابی اور رہ جانے والے بچوں کی تعداد میں کمی قابل اطمینان ہے۔

(جاری ہے)

ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ، ایک اعلی سطحی مشاورتی ادارہ ہے جو پولیو پروگرام کی بین الاقوامی سطح پر نگرانی کرتا ہے۔

یہ ادارہ نامور بین الاقوامی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے، سول سوسائٹی کے ممبران اور عِلم و فًضًل کی دُنیا سے تعلق رکھنے والے معتبر ماہرین پر مشتمل ہے۔ اجلاس میں چیئرمین ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ ڈاکٹر جین مارک آلیو نے انسداد پولیو مہم کے معیارمیں بہتری پرذور دیا، خصوصاً جن علاقوں میں نگرانی کرنے والے باہر سے آنے والے افسران ( و اداروں) کی رسائی ممکن نہیں۔

انہوں نے پولیو ٹیموں میں خواتین کی شمولیت اور جنوبی وزیرستان اور ایف آر ٹانک میں انسداد پولیو مہموں کے معیار کو دوسرے علاقوں کے برابر لانے پر بھی ذور دیا۔ ڈپٹی ای او سی کوآرڈینیٹر اور سیکرٹری سوشل سیکٹرز فاٹا یوسف رحیم نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈاکٹر جین مارک آلیو کو یقین دہانی کرائی کہ پولیو خاتمے کے مقصد کے حصول کیلیے فاٹا میں انسداد پولیو مہموں کے معیار میں بہتری کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی.قبل ازیں، ای او سی فاٹا ٹیم کے رکن ڈاکٹر عرفان الہی نے پولیو پروگرام سے متعلق حقائق اور اعداد و شمار پیش کیے اور شرکا کو پولیو کے خلاف پیش رفت اوردرپیش مشکلات کے بارے میں آگاہ کیا اجلاس میں ڈاکٹر ابراہیم یالوہاو نیشنل ڈیپٹی ٹیم لیڈ عالمی ادارہ صحت (نیشنل ای او سی)، ڈاکٹر سرفراز آفریدی نیشنل کوآرڈینیٹر عالمی ادارہ صحت (ای او سی فاٹا)، ڈاکٹر ندیم جان ٹیکنیکل فوکل پرسن ای او سی فاٹا، ڈاکٹر عرفان الہی پراونشل پولیو ایریڈیکیشن آفسر عالمی ادارہ صحت (ای او سی فاٹا)، ڈاکٹر قاسم آفریدی این سٹاپ آفیسر (ای او سی فاٹا) اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی.