پاک فوج نے 6ستمبر یوم دفاع کے پروگرام کو حتمی شکل دیدی ،

مہمانان کو دعوت نامے جاری تقریب کا آغاز جی ایچ کیو راولپنڈی میں شام 6بجکر35منٹ پر ہو گا،آرمی چیف میزبان ہوں گے

جمعرات 31 اگست 2017 16:22

پاک فوج نے 6ستمبر یوم دفاع کے پروگرام کو حتمی شکل دیدی ،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31 اگست2017ء) پاک فوج کی طرف سے 6ستمبر یوم دفاع کے پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ یوم دفاع کی تقریب کے میزبان ہوں گے، آرمی چیف کی طرف سے مہمانان کو دعوت نامے جاری کر دیئے گئے ہیں،6ستمبر یوم دفاع کے موقع پر جی ایچ کیو راولپنڈی میں شام 6بجکر35منٹ پر تقریب کا آغاز ہو گا،اعلیٰ عسکری قیادت یاد گار شہداء پر پھول چڑھائے گی،دفاع وطن کیلئے جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

چیف آف آرمی سٹاف کا خصوصی خطاب ہو گا، دہشت گردی و انتہاء پسندی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو اجاگر کیا جائے گا،قومی و ملی نغمے پیش کئے جائیں گے اور دفاع وطن کے حوالے سے خصوصی دھنیں بجائی جائیں گی۔

(جاری ہے)

تقریب میں مدعوئین کیلئے ہدایت نامہ جاری کر دیا گیا ہے، سیکیورٹی کے حوالے سے مختلف ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ ساتھ لانا ضروری ہو گا۔

گاڑیوں کیلئے خصوصی اسٹیکرز جاری کئے گئے ہیں اور نشستوں کے حوالے سے بھی خصوصی پلان جاری کیا گیا ہے، اس حوالے سے متعلقہ فوجی افسران رہنمائی کریں گے، موبائل فون اور ویڈیو کیمرے لانا ممنوع قرار دیا گیا ہے، اسی طرح لیپ ٹاپ، ٹیبلٹ، سی ڈی، ڈی وی ڈی اور دیگر آلات لانے سے بھی منع کیا گیا ہے، شہداء کی فیملیز بھی تقریب میں شریک ہوں گی۔