آل پاکستان انجمن تاجران کامال روڈ کو ریڈ زون قرار دینے کے حکومتی فیصلے کا خیر مقدم ،اظہار تشکر

جمعرات 31 اگست 2017 19:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 اگست2017ء) آل پاکستان انجمن تاجران نے حکومت کی جانب سے مال روڈ کو ریڈ زون قرار دینے کے فیصلے کا بھرپور خیر مقدم اور اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے سخت اقدامات تجویز کئے جائیں ، امید ہے کہ حکومتی فیصلے سے نہ صرف مال روڈ بلکہ ملحقہ مارکیٹوں میں مانند پڑتی کاروباری سر گرمیاں دوبارہ عروج حاصل کریں گی ۔

انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی کی طرف سے مال روڈ کو ریڈ زون قرار دینے کے فیصلے پر حکومت سے اظہار تشکر کیلئے ہنگامی اجلاس بلایا گیا جس میں مختلف مارکیٹوں کے تاجر نمائندوںنے شرکت کی ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ آئے روز جلسے جلوسوں ،ریلیو ں اور دھرنوں کے باعث مال روڈ اور اس سے ملحقہ مارکیٹوں کی طرف عوام کا رجحان کم ہونے کے باعث کاروباری سر گرمیاں ختم ہو کر ر ہ گئی تھیں جس کے باعث تاجروں کیلئے اپنا کاروبار جاری رکھنا مشکل ہو گیا تھا۔

(جاری ہے)

حالیہ چند سالوں میں مال روڈ اور ملحقہ مارکیٹوں میں متعددتاجر اپنا کاروبار ختم کر کے کسی دوسری جگہ منتقل ہو گئے ہیں جبکہ باقی رہ جانے والوں نے ملازمین کی تعداد کم کرنا شروع کر دی تھی جس سے بیروزگاری کی شرح میں اضافہ ہوا۔ انہوںنے کہا کہ تاجر برادری حکومت کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتی ہے اور ہمارا مطالبہ ہے کہ اس پر عملدرآمد کیلئے سخت اقدامات تجویز کئے جائیں اور کسی بھی جماعت یا تنظیم کو اس پابندی کی خلاف ورزی کی ہرگز اجازت نہیں ہونی چاہیے ۔ فیصلے کی خوشی میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی

متعلقہ عنوان :