عظیم قربانی کے جذبہ سے ہی ہر خطرے اور بحران پر قابو پا سکتے ہیں‘

رسول کریمؐ کا خطبہ حج مذہب، سیاست اور حکومت کے بنیادی اصول ہیں، پاکستان اولین ترجیح ہونی چاہئے، عید کی خوشیوں میں غریبوں، ناداروں کو شامل کریں چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی، مونس الٰہی پر پیغام

جمعہ 1 ستمبر 2017 16:26

عظیم قربانی کے جذبہ سے ہی ہر خطرے اور بحران پر قابو پا سکتے ہیں‘
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 ستمبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش ہر مسئلہ، خطرے اور بحران پر ہم عظیم قربانی کے جذبے سے ہی قابو پا سکتے ہیں اگر ہم بحیثیت قوم ایک دوسرے کیلئے قربانی اور ایثار کو شعار بنائیں تو ہمیں دنیا میں کسی کے آگے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

عیدالاضحی پر اپنے پیغامات میں انہوں نے دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی ہمیں اپنے ایمان اور ملک و ملت کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا درس دیتی ہے، ہماری اولین ترجیح پاکستان ہونا چاہئے اور سنت ابراہیمی علیہ السلام ادا کرنے والوں کو غریبوں، مسکینوں، ناداروں، بیوائوں، یتیموں کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حضرت ابراہیم خلیل اللہ علیہ السلام کے جذبہ پر عمل کرتے ہوئے ہمارے بزرگوں نے جان، مال اور عزت و آبرو کی عظیم قربانی دے کر یہ خطہ ارض حاصل کیا جس کا داخلی و خارجی خطرات اور فتنوں سے تحفظ ہم پر فرض ہے، ہمیں چاہئے کہ مذہب، سیاست اور حکومت میں ان بنیادی سنہری اصولوں کو یاد رکھیں جو نبی آخر الزماں ﷺ نے خطبہ حجتہ الوداع میں ہمیں دئیے تھے ان پر عمل کر کے ہی ہم دنیا و آخرت میں سرخرو ہو سکتے ہیں اور ملک و ملت کو درپیش گوناگوں مسائل و مشکلات کو ختم کر سکتے ہیں۔

مسلم لیگی قائدین نے کہا کہ آج ہمیں عہد کرنا چاہئے کہ پاکستان کی سلامتی و یکجہتی کے تحفظ اور اس کی ترقی و استحکام کیلئے بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، ذاتی، گروہی اور جماعتی مفادات پر قومی مفادات کو ہمیشہ ترجیح دیں گے، پاکستان کو قائداعظمؒ کا پاکستان بنانے کیلئے اپنی تمام تر کوششیں اور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔