کراچی کے عوام سال گزشتہ کے مقابلے میں 2017ء میں قربانی کے سلسلے میں پرجوش نظر آئے

شہر کراچی میں ہر سال کی طرح اس سال بھی قربانی کی کھالیں مسجد اور مدارس کو ملی ہیں، ایدھی فائونڈیشن سرفہرست رہا کھالوں کے بیوپاریوں نے سال 2017ء میں ریٹوں میں کمی کردی، سادہ لوح عوام کو بیوپاریوں نے خوب لوٹا

پیر 4 ستمبر 2017 18:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2017ء) کراچی کے عوام سال گزشتہ کے مقابلے میں 2017ء میں قربانی کے سلسلے میں پرجوش نظر آئے۔ موسم برسات کے باوجود قربانی کے لئے مختلف مقامات سے جانوروں کی خریداری رات گئے تک جاری رہی۔ عید قربان کے پہلے اور دوسرے روز شہر میں جوش وخروش سے آزادانہ طور پر عوام نے اپنے قربانی کے فریضہ کو انجام دیا ہے۔

بارشوں کی گندگی کے باوجود شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اپنی گلی، سڑکیں اور محلوں کی صفائی کی ہے۔ شہر کراچی میں ہر سال کی طرح اس سال بھی قربانی کی کھالیں مسجد اور مدارس کو ملی ہیں جبکہ فلاحی اداروں میں ایدھی فائونڈیشن کو حسب معمول برتری حاصل رہی۔ مدارس نے اپنے حلقہ احباب سے کھالیں وصول کی ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق شہر کراچی میں سال 2017ء کی عید قربان کے لئے شہریوں نے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کے حصول کے لئے ساڑھے 4 ارب کے جانور خریدے۔

(جاری ہے)

سال 2017ء میں گزشتہ سال کے مقابلے میں اونٹ کی قر بانی میں شہریوں نے جوش وخروش دکھایا جبکہ برسات کی وجہ سے منڈیوں کے اندر اتار چڑھائو آتا رہا ہے۔ شہر کے بڑے بڑے دینی مدارس نے سال 2017ء میں بہت اچھی طرح سے کھالیں وصول کی ہیں۔ کھالوں کے بیوپاریوں نے سال 2017ء میں ریٹوں میں کمی کر رکھی ہے۔ کہا جارہا ہے کہ کھالوں کے بیوپاریوں نے اپنا ایک پول قائم کیا تھا اس میں طے ہوا کہ کھالوں کے ریٹ کم رکھنا ہیں۔ چند فلاحی اور بڑے دینی مدارس کو ریٹ اپنی مرضی کے حاصل ہوئے ہیں۔ سادہ لوح عوام کو سڑکوں پر بیٹھے کھالوں کے بیوپاریوں نے حسب معمول لوٹا ہے۔

متعلقہ عنوان :