پانامہ لیکس نے بڑے بھائی وزیراعظم نوازشریف کی چھٹی کرائی جبکہ اورنج لیکس میں چھوٹے بھائی شہبازشریف کی رخصتی ہو گی، پرویز الٰہی

پیر 4 ستمبر 2017 19:10

گجرات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 ستمبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس نے بڑے بھائی وزیراعظم نوازشریف کی چھٹی کرائی جبکہ اورنج لیکس میں چھوٹے بھائی شہبازشریف کی رخصتی ہو گی۔ انہوں نے اس امر کا اظہار میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ مختلف سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہبازشریف پکڑے گئے تو کرپشن کے درجنوں کیس سامنے آئیں گے جبکہ انہیں ماڈل ٹائون لاہور میں 14 افراد کے قتل میں جسٹس باقر نجفی کی انکوائری رپورٹ کا جواب ہی نہیں بیگناہوں کی خونریزی کا حساب بھی دینا ہوگا۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اورنج ٹرین کو ہم نے شروع ہی سے ڈالر بنائو ٹرین کہا تھا اب ثابت ہو گا کہ دنیا میں سب سے زیادہ ڈالر جس نے بنائے اس کا نام شہبازشریف ہے، عدالتوں کو للکارنے والے اپنے انجام کی طرف بڑھ رہے ہیں، عدالتوں میں اپنی صفائی میں پیش کرنے کیلئے ان کے پاس کچھ نہیں، اورنج لائن کے علاوہ جنگلہ بس اور دیگر نمائشی منصوبوں و سکیموں میں لوٹ مار کے بعد چھوٹے میاں بچ نہیں سکیں گے۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ عوام کو آج جن مسائل اور پاکستان کو خارجہ محاذ پر جس بحران کا سامنا ہے اس کے ذمہ دار صرف اور صرف نوازشریف ہیں۔ انہوں نے 4 سال وزیرخارجہ کا عہدہ بھی سنبھالے رکھا لیکن خارجہ تعلقات میں بہتری کیلئے کچھ نہیں کیا خود تو نااہلی کا شکار ہوئے ملک کو بھی مشکلات میں چھوڑ گئے۔ چودھری پرویزالٰہی نے عیدالاضحی کی نماز چودھری وجاہت حسین، مونس الٰہی، راسخ الٰہی، شافع حسین اور فیملی کے دیگر افراد و پارٹی رہنمائوں و کارکنوں کی بڑی تعداد کے ہمراہ گجرات میں ادا کی اور اپنے آبائی قبرستان جا کر فاتحہ خوانی کی پارٹی رہنمائوں، شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور عام لوگ ان سے عید ملے۔