مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو نماز عید کی ادائیگی اور قربانی کی اجازت نہ دینا انسانی حقو ق کی خلاف ورزی ہے ،5 سالہ معصوم بچی کو کنٹرول لائن پر وحشیانہ فائرنگ کا نشانہ بنا کرگولیوں سے چھلنی کر دینا بر بریت ہے،اس کا عالمی برداری نوٹس لے

کل جماعتی حریت رہنما ملک محمد یٰسین کی اہلیہ مشعال ملک کی میڈیا سے گفتگو

پیر 4 ستمبر 2017 19:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 ستمبر2017ء) کل جماعتی حریت رہنما ملک محمد یٰسین کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو نماز عید کی ادائیگی اور قربانی کی اجازت نہ دینا اور ایک پانچ سالہ معصوم بچی کو کنٹرول لائن پر وحشیانہ فائرنگ کا نشانہ بنا کرگولیوں سے چھلنی کر دینا بر بریت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے جس کا عالمی برداری نوٹس لے ۔

انہوں نے عید کے موقع پر وزیر اعلی پنجاب کے سابق ملک مہربان ، ریحانہ یاسمین ،معروف سماجی رہنما عبدالوحید ، اپنی والدہ اور بیٹی کے ہمراہ محکمہ سماجی بہبود و بیت المال پنجاب راولپنڈی کے نادار اور بے گھر بزرگ افراد کے ادارے عافیت کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مودی حکومت مسلمانوں پر بدترین مظالم ڈھا رہی ہے انہیں جسمانی ازیتیں دی جا رہی ہیں اور زندہ جلایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

آسیہ اندرابی کو شدید بیماری میں ڈاکٹروں کے تشخیص کے مطابق آئی سی یو میں منتقل کرنے کے بجائے جیل بھیج دیا گیا ہے جہاں ان کی زندگی کو شدید خطرہ ہے۔ نامور کشمیری رہنما سید علی گیلانی نظر بند ہیں ، یٰسین ملک بدستور حراست میں ہیں اور ہم مسلسل ساتویں عید ان کے بغیر منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان مظالم پر دنیا کیوں خاموش ہے اور کشمیریوں کو کس جرم کی سزا دی جا رہی ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر و بیت المال راولپنڈی نبیلہ ملک نے اس موقع پر عافیت میں معمر افراد کے لئے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میںبتایا۔ انہوں نے دارلعافیت میں مقیم بزرگ شہریوں کے عزم و حوصلے کو سراہتے ہوئے کہاکہ جس طرح وہ اپنے عزیز و اقارب سے دور ہیں اسی طرح کشمیری بھی اپنے عید کے موقع پر اپنے پیاروں سے دور ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بزرگ شہری ہمارا قیمتی اثاثہ ہیںجنہوں نے اپنے اہل خانہ اور ملک کے لئے قربانیاں دی اور قومی ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہاکہ وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ عید اپنے بزرگوں کے ساتھ منا کر دلی خوشی محسوس کر رہی ہیں اور ان کی دعائیں لینے آئی ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر مقبوضہ کشمیری کی آزادی کے لئے عافیت کے معمر افراد کے ساتھ مل کر دعا کی اور حکومت پنجاب کی طرف سے عافیت میں سینئر سٹیزنز کے لئے مہیا کی سہولیات کو سراہا ۔ اس موقع پر ملک مہربان نے کہا کہ وزیر اعلی پنجا ب محمد شہباز شریف کی ہدایات پر صوبے میںہر طبقے کی سہولیت کے لئے خصوصی فلاحی پروگراموں پر عملدرآمد جاری ہے اور ایسے معمر افراد جن کا کوئی ٹھکانہ نہیں انہیں حکومت پنجاب کی طرف سے رہائش ، خوراک ، علاج اور تمام دیگر سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔