کراچی ، عید الاضحی کے چوتھے روز گلشن اقبال میں اونٹوں کی اجتماعی قربانی کی گئی

منگل 5 ستمبر 2017 15:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2017ء) عید الاضحی کے چوتھے روز گلشن اقبال میں اونٹوں کی اجتماعی قربانی کی گئی۔ یونیورسٹی روڈ پر جامعہ الدراسات الاسلامیہ کے باہر اونٹ نحر ہونے کا منظر دیکھنے کے لیے عوام کی بڑی تعداد موجود تھی، جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل تھے۔ ہر سال کی طرح امسال بھی سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے ہزاروں جانور قربان کیے گئے۔

گائے اور بکروں کی قربانی کے بعد عید کے چوتھے روز جامعہ الدراسات الاسلامیہ کے باہر 8 اونٹوں کو نحر کیا گیا۔ جنہیں دیکھنے کے لیے عوام کی بڑی تعداد صبح سویرے پہنچ گئی تھی۔ اس موقع پر ملی مسلم لیگ کے نائب صدر مزمل اقبال ہاشمی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرامین نبویﷺ کی روشنی میں ایام تشریق بھی عید کے دن ہیں، جو بالاتفاق ذوالحجہ کی گیارہ، بارہ اور تیرہ تاریخیں ہیں۔

(جاری ہے)

اسی مناسبت سے عوام کی آگہی کے لیے ہر سال عید کے چوتھے روز اونٹ نحر کرنے کا اہتمام کیا جاتا ہے، تاکہ قربانی کے ساتھ احیاء سنت کا فریضہ بھی ادا ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ عید الاضحی کے ایام میں کراچی، بلوچستان و تھرپارکر سمیت دیگر پساندہ اضلاع میں مستحقین تک خصوصی طور پر قربانی کا گوشت پہنچایا گیا۔ آج نحر کیے گئے اونٹوں کا گوشت بھی تقسیم کردیا جائے گا۔ ہماری رفاہی سرگرمیاں انسانیت کی فلاح کے لیے ہیں۔ دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔