پاک فضائیہ نے یوم دفاع روایتی جوش و جذبے سے منایا

یوم ِ دفاعِ پاکستان ہمیں اپنے ان بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے مثالی حوصلے اور پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، ائیرچیف مارشل سہیل امان وثوق سے کہتا ہوں ہم سب یک جان ہو کر ان حالات کا مردانہ وار مقابلہ کریں گے اور وطن ِ عزیز کو ترقی کی شاہراہ پر لے کر چلیں گے،ایئر چیف کا پیغام

بدھ 6 ستمبر 2017 22:15

پاک فضائیہ نے یوم دفاع روایتی جوش و جذبے سے منایا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 ستمبر2017ء) یوم ِ دفاعِ پاکستان آج پاک فضائیہ کے تمام بیسز پر انتہائی عزت و احترام اور شایانِ شان طریقے سے منایا گیا۔ اِس تریخ ساز دِن پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا " یوم ِ دفاعِ پاکستان ہمیں اپنے ان بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے مثالی حوصلے اور پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔

باہمی اتحاد کا فقید المثال مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی قوم اور مسلح افواج نے ڈٹ کر اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست فاش دی۔ملک کو درپیش غیرمعمولی مشکلات اسی جذبہِ قومیت کی احیاء کے متقاضی ہیں ۔میں پورے وثوق سے کہتا ہوں کہ ہم سب یک جان ہو کر ان حالات کا مردانہ وار مقابلہ کریں گے اور وطن ِ عزیز کو ترقی کی شاہراہ پر لے کر چلیں گے۔

(جاری ہے)

عالمی امن اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میںہماری مسلسل کاوشیں اور ان گنت قربانیاں بے مثال ہیں جن کی عالمی سطح پر پذیرائی لازمی ہے۔

میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ پاک فضائیہ قوم کی توقعات کے مطابق دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہی"۔ یہ پُر وقار دن اس تجدید عہدکے ساتھ منایا گیا کہ پاک فضائیہ کوکسی بھی خطرے سے نبرد آزما ہونے کے لیے پہلے سے کئی گنا طاقتور اور باصلاحیت بنایا جائے گا۔ تمام بیسز پر دن کا آغاز شہداء کے لئے قرآن خوانی اور خصوصی دعائوں کے ساتھ ہوا۔

مزار قائد پر گارڈ کی تبدیلی کی تقریب میں پاکستان ائیر فورس اکیڈمی اصغر خان کے ایوی ایشن کیڈٹس پر مشتمل چاق و چوبند دستے نے مزارِقائد پر گارڈ ذ کے فرائض سنبھال لیے۔ ائیر وائس مارشل عمران خالد ، ائیر آفیسر کمانڈنگ پی اے ا یف اکیڈمی اصغر خان نے بابائے قوم کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔یومِ دفا ع کے اس شاندار موقع پر پی اے ایف بیس نور خان راولپنڈی، پی اے ایف بیس مسرورکراچی، پی اے ایف بیس سمنگلی کوئٹہ ، پی اے ایف بیس پشاوراور پی اے ایف بیس لاہورمیں پاک فضائیہ کے طیاروں اور دفاعی آلات کی نمائش کا انعقاد بھی کیا گیا۔

اس مو قع پرپاک فضائیہ کے F-16 , JF-17 Thunder, Mirage اور F-7 PG طیاروں نے 1965 ء اور 1971 ء کے جنگی ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے شاندار فضائی کرتب دکھائے۔ ان تقاریب کے دوران فضائیہ سکول اینڈ کالجز کے طلباء نے قومی ترانے پیش کیے جنہیں حاضرین نے بہت سراہا۔ اس نمائش میں لوگوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی اورپاک فضائیہ کے جہازوں اور دفاعی آلات کو بڑے انہماک سے دیکھا۔پاکستان ائیر فورس نے اپنے شہداء اور جنگی ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک خصوصی پروگرام " مجاہدینِ افلاک کو سلام" بھی تیار کیا ہے جسے 07 ستمبر2017 ء کو الیکٹرانک میڈیا پر پیش کیا جائے گا۔