جدہ سے پہلی حج پرواز 329حجاج کرام کو لے کر بے نظیر انٹرنیشنل ائیر پورٹ پہنچ گئی

رواں برس حکومت نے حجاج کرام کی سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کئے تھے ،طارق فضل چوہدری خیبر پختونخوا میں انسداد ڈینگی کے لیے وفاقی حکومت تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے،وزیر مملکت برائے کیڈ کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 6 ستمبر 2017 22:38

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2017ء) جدہ سے پہلی حج پرواز( پی کی3002) 329حجاج کرام کو لے کر بے نظیر انٹرنیشنل ائیر پورٹ پہنچ گئی۔ وزیر مملکت برائے کیڈ طارق فضل چوہدری نے ہوائی اڈے پر حاجیوں کا استقبال کیا ۔حجاج کرام کے استقبال کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت طارق فضل چوہدری نے کہا کہ رواں برس حکومت نے عازمین حج کی سہولت کے لیے بہترین انتظامات کیے تھے جس کی بدولت فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچنے والے حجاج نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

طارق فضل چوہدری نے کہاکہ پہلی حج پرواز سے پاکستان پہنچنے والے 329حجاج کرام نے سفر حج کے دوران پاکستانی حکومت کی جانب سے فراہم کی گئی سہولیات کو سراہا ہے۔ طارق فضل چوہدری نے کہاکہ حکومت نے رواں برس سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر عازمین حج کو سہولیات بہم رسانی کے خصوصی اقدامات کیے تھے جن پر عمل کرتے ہوئے وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کو سعودی عرب اور پاکستان میں مکمل سہولیات فراہم کیں جبکہ سرکاری حج ریٹ میں بھی اضافہ نہیں کیا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ قبل ازیں عازمین حج کو مشکلات کی شکایات رہتی تھیں تاھم رواں برس اس طرح کی شکایات سامنے نہیں آئیں ۔واضح رہے کہ پہلی حج پرواز سے وطن عزیز روانہ ہونے والے حجاج کرام کو وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے جدہ سے الوداع کیا تھا ۔وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے بتایاکہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے تمام حج آپریشن کی ازخود نگرانی کی اور حجا ج کرام کو سہولیات کی بہم رسانی کیلئے انتظامات کی جانچ پڑتال بھی کی۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت طارق فضل چوہدری نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں انسداد ڈینگی کے لیے وفاقی حکومت تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور ڈینگی سے متاثرہ بھائیوں کی ہر ممکن مد د کے لیے پرعزم ہے کیونکہ ان کا تعلق کسی بھی صوبے سے ہو وہ سب سے پہلے پاکستانی ہیں۔اس موقع پر حجاج کرام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ انہیں سفر حج کے دوران کسی قسم کی دشواری پیش نہیں آئی اور وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کے لیے مثالی انتظامات کیے تھے۔

متعلقہ عنوان :