جماعة الدعوة کے تحت کوئٹہ میں دفاع پاکستان اور شہدا کی عظمت کو سلام کے عنوان سے ریلی و کانفرنس کا انعقاد کیا گیا

بدھ 6 ستمبر 2017 23:01

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 ستمبر2017ء) جماعة الدعوة کے تحت کوئٹہ میں دفاع پاکستان اور شہدا کی عظمت کو سلام کے عنوان سے شاندار ریلی و کانفرنس کا انعقاد۔بلوچستان کے غیور عوام کا پاکستانی فوج کے ساتھ مل کر دشمن کے ارادوں کو خاک میں ملانے کا عزم،جماعة الدعوة کے علاوہ دیگر مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنماوں اور قبائلی عمائدین کی بھی ریلی میں شرکت۔

جماعة الدعوة کی ریلی کسٹم چوک سریاب روڈ کوئٹہ سے شروع ہو کر شہر کی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچی۔ جہاں پر ’’یومِ دفاعِ پاکستان کانفر نس منعقد کی گئی، ریلی کی قیادت مسئول تاجران جماعة الدعوة بلوچستان محمد ادریس مغل نے کی۔ان کے ہمراہ معروف تاجر ڈاکٹر ہارون ، معروف ٹرانسپورٹر اور قبائلی رہنما میر حشمت لہڑی ، پی پی پی کے صوبائی صدر علی مدد جتک، میرعثمان پرکانی، ہرنائی کول مائنز کے سید آغا، ایڈووکیٹ عبدالصمد کاکڑ اور حاجی ولی خان بادیزئی بھی تھے۔

(جاری ہے)

ریلی میں مختلف شعبئہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسئول تاجران جماعة الدعوة بلوچستان محمد ادریس مغل نے کہا کہ بھارت کسی بھول میں نا رہے کہ وہ بلوچستان کی عوام کو تعصباتی ہتھیار سے نشانہ بناکر تقسیم کر سکتا ہے ۔ ہم سب پاکستانی ہیں۔ ہم سب بلوچ، پٹھان ، پنجابی سندھی پاکستانی ہیں اور ہم ملکر بھارت تیری سرحدوں میں کھس کر تجھے 6ستمبر 1965ء کی خوفناک اور ڈرائونی یاد دلا سکتے ہیں جس کی وجہ سے اس وقت تیرے لال بہادر شاستری کی دل کی دھڑکنیں بند ہو گئی تھیں۔

اس موقع پر ریلی کے تمام قائدین پاکستان کے ان تمام شہداکو خراجِ تحسین پیش کیاجو ملک و قوم کی آن پر قربان ہوئے۔ قائدین نے پاک فوج اور شہدا کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کا اظہارکرتے ہوئے آئندہ بھی اس ملک کے لیے ہر قربانی پیش کرنے کا عزم کیا۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان ملک کے تمام صوبوں میں بھرپور دفاع کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ بھارت نے 1965والی غلطی دوبارہ کی تو غیور پاکستانی اپنی سرزمین کے ایک ایک انچ کی حفاظت و دفاع کرنے کے لیے تیار ہیں۔

دشمن کو ہماری قوت و اتحاد کے حوالے سے کوئی غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے۔ پاکستان اللہ کے فضل و کرم سے ایٹمی قوت اور بہترین میزائل ٹیکنالوجی کا حامل ملک ہے۔ پوری پاکستانی قوم کے حوصلے بلند ہیں اور اس کا بچہ بچہ سیسہ پلائی دیوار بن کر افواج پاکستان کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر کھڑا ہے۔