بلال یاسین نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق کیس میں تحریری جواب الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیا

الیکشن کمیشن کی بلال یاسین کو ضابطہ اخلاق پرعمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت… کیس کی مزید سماعت چودہ ستمبر تک ملتوی

جمعرات 7 ستمبر 2017 14:29

بلال یاسین نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق کیس میں تحریری ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2017ء) وزیرخوراک پنجاب بلال یاسین نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق کیس میں اپنا تحریری جواب الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن نے بلال یاسین کو ضابطہ اخلاق پرعمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ جمعرات کو چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے مانیٹرنگ کمیٹی کی جانب سے بلال یاسین کیخلاف انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی شکایت پر سماعت کی، وزیرخواک پنجاب بلال یاسین جمعرات کو کمیشن میں پیش نہ ہوئے تاہم انکے وکیل نے تحریری جواب جمع کرایا اور موقف اختیار کیا کہ ضابطہ اخلاق کہتا ہے کہ رکن اسمبلی متعلقہ حلقے کا دورہ نہیں کرسکتا ،ْبلال یاسین این اے 120 کے رہائشی ہیں ،ْ صوبائی وزیر ہونے کے ناطے لوگ ان کے گھر جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

دوران سماعت چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ لاکھوں لوگوں کے گھر اس حلقے میں موجود ہیں ، گھر میں جانے سے نہیں روکا ،ْانتخابی مہم چلانے پر نوٹس لیا گیا ہے ، بینچ میں موجود دوسرے رکن الیکشن کمیشن نے کہا کہ ریلی کی ویڈیوز میں بلال یاسین موجود ہیں ، بعد ازاں الیکشن کمیشن نے بلال یاسین کو ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت چودہ ستمبر تک ملتوی کر دی ہے ۔