میچ کے اوقات کے دوران میٹرو بس سروس بند رہے گی، پارکنگ سائٹس اسٹیڈیم سے دور بنائے جائینگے ‘ کمشنر لاہور ڈویژن

اسکول اور مارکیٹ بند کرانے کا فیصلہ نہیں ہوا،شائقین کے لیے شٹل بس سروس شروع کی جائیگی‘ عبد اللہ سنبل کا قذافی اسٹیڈیم کا دورہ

جمعرات 7 ستمبر 2017 17:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2017ء) ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے لئے سکیورسمیت سمیت دیگر انتظامات زوروشور سے جاری ہیں ۔کمشنر لاہور ڈویژن عبد اللہ خان سنبل نے گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کر کے سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا ۔کمشنر عبداللہ سنبل کا کہنا تھا کہ میچز کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، میچ کے اوقات کے دوران میٹرو بس سروس بند رہے گی، پارکنگ سائٹس اسٹیڈیم سے دور بنائیں گے تاہم اسکول اور مارکیٹ بند کرانے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ شائقین کے لیے شٹل بس سروس شروع کی جائے گی، ایف سی کالج میں ایک سے زائد پارکنگ لاٹ بنائیں گے۔ عبداللہ سنبل نے بتایا کہ میچ کی پریکٹس کے دوران میٹرو کے تین اسٹیشن بند رہیں گے، اور میچ کے روز میٹرو بس گجومتہ سے ایم اے اوکالج تک بند رہے گی جبکہ ایم اے او کالج سے شاہدرہ تک بس سروس چلتی رہے گی۔کمشنر لاہور ڈویژن نے ڈپٹی کمشنر سمیر احمد سید کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ پنجاب سے ملاقات کی جس میں ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے حوالے سے انتظامات بارے گفتگو کی گئی ۔ علاوہ ازیں۔ قذافی سٹیڈیم میں تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے اور انتظامی امور کے حوالے سے کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :