عید کو گزرے تین روز ہوگئے لیکن کراچی کے علاقے لانڈھی سے اب تک آلائشیں نہیں اٹھائی جاسکیں

لانڈھی 36-Bاور اندرونی علاقوں میں بڑی تعداد میں آلائشیں موجود ہیں لیکن انتظامیہ کی جانب سے تاحال آلائشوں کو اٹھانے کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا گیا، لانڈھی 1نمبر پر بھی یہی صورتحال ذرائع

جمعرات 7 ستمبر 2017 19:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 ستمبر2017ء) عید کو گزرے تین روز ہوگئے لیکن کراچی کے علاقے لانڈھی سے اب تک آلائشیں نہیں اٹھائی جاسکی ہیں ۔ذرائع کے مطابق لانڈھی 36-Bاور اندرونی علاقوں میں بڑی تعداد میں آلائشیں موجود ہیں لیکن شہری انتظامیہ کی جانب سے تاحال آلائشوں کو اٹھانے کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔جبکہ لانڈھی 1نمبر پر بھی یہی صورتحال ہے۔

جبکہ کورنگی سے متصل علاقوں سے بھی آلائشیں اٹھانے کیلئے کوئی خاص اقدامات نہیں کئے گئے بلکہ چند ایک مقامات سے آلائشیں جمع کرنے کے بعد شہری انتظامیہ نے لانڈھی کا رخ کرنا بھی گوارہ نہیں کیا۔علاقے میں موجود آلائشوں کے باعث شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں ۔دوسری جانب بارش اور سیوریج کے گندے پانی نے علاقہ مکینوں کی زندگی مزید اجیرن بنارکھی ہے۔

(جاری ہے)

علاقے سے اب تک بارش کا پانی بھی نہیں نکالا جاسکا ہے ،اکثر گلیاں اور سڑکیں کئی روز گزرنے کے بعد بھی تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں ۔سیوریج کی خستہ حال صورتحال کے باعث سیوریج کا پانی بھی سڑکوں پر جمع ہوچکا ہے ۔ جس کے باعث لانڈھی 6نمبر کی مین سڑک کا ایک ٹریک مکمل طور پر بند ہوچکا ہے ۔اس کے علاوہ لانڈھی 6نمبر اور دیگر جگہوں پر بھی بارش اور سیوریج کا پانی جمع ہونے کے باعث سڑکیں آمدو رفت کیلئے تقریباً بند ہیں ۔علاقہ مکینوں نے حکومت سندھ اور شہری انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ علاقے کی ابتر صورتحال کا نوٹس لیا جائے اور ان کے مسائل حل کئے جائیں

متعلقہ عنوان :