ہائیکورٹ نے ایف بی آر کو وفاقی حکومت کی جانب سے صارفین کودی جانے والی سبسڈی پر ٹیکس وصولی سے روکدیا

جمعرات 7 ستمبر 2017 20:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے فیڈرل بورڈ آف ریو نیو کو وفاقی حکومت کی جانب سے صارفین کودی جانے والی سبسڈی پر ٹیکس وصولی سے روکتے ہوئے وفاقی حکومت سے جواب طلب کر لیا۔ گزشتہ روزلاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مسٹر جسٹس عابد عزیز شیخ نے فیسکو کے ڈائریکٹر جنرل ایچ آر محمد علی کی درخواست پر سماعت کی ۔

درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ فیسکو بجلی کی تقسیم کار کمپنی ہے جو باقاعدہ ٹیکس ادا کرتی ہے ۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت کی جانب سے عوام کو سبسڈی فراہم کرنے کے لیے فیسکو کو سبسڈی دی گئی تاہم ایف بی آر نے وفاقی حکومت کی جانب سے دی جانے والی سبسڈی پر ٹیکس وصولی کا نوٹس بھجوا دیا ہے ۔سبسڈی کو صارفین کے فلاح کے لیے استعمال کیا گیا جسے ایف بی آر فیسکو کی فروخت تصور کرتے ہوئے ٹیکس چارج کرنا چاہتی ہے ۔ایف بی آر کی جانب سے سبسڈی پر ٹیکس وصولی غیرقانونی ہے اس لئے فاضل عدالت سے استدعا ہے کہ ایف بی آر کو سبسڈی پر ٹیکس وصولی سے روکا جائے ۔ فاضل عدالت نے عدالت نے ایف بی آر کی جانب سے فیسکو کو بھجوایا گیا ٹیکس نوٹس معطل کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے اس تناظر میں جواب طلب کر لیا۔

متعلقہ عنوان :