نیشنل پارٹی کیچ کے سرگرم کارکن سلیم بلوچ کا قتل قابل مذمت ہے ،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

سیاسی کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ بلوچستان کو خانہ جنگی اور سیاسی بانجھ پن کی طرف لے جانے کی سازش ہے ،سابق وزیراعلیٰ بلوچستان

جمعرات 7 ستمبر 2017 22:25

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2017ء) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے نیشنل پارٹی کیچ کے سرگرم کارکن سلیم بلوچ کے قتل کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بلوچ د شمن اقدام قرار دیا ہے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ سیاسی کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ بلوچستان کو خانہ جنگی اور سیاسی بانجھ پن کی طرف لے جانے کی سازش ہے ایسے عناصر سیاسی روایات ،قومی اقدار سے بغاوت ہیں اس قسم کے اقدامات بلوچ سماج کو پسماندگی ،جہالت ،غربت ،انتشار کی دلدل میں دھکیلنا چاہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی بلوچستان کی خوشحالی ،ساحل و وسائل کے دفاع ،انسانی حقوق کی سربلندی جمہوریت و آئین کی بالادستی ،قانون کی حکمرانی ،عدلیہ کی آزادی کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی کارکنوں کی شہادت ،طاقت و جبر اور تشدد پارٹی کو اسکے اصولی موقف اور جدوجہد سے روک نہیں سکتا۔ ڈاکٹر مالک بلوچ نے سلیم بلوچ کی قومی ،وطنی اور سیاسی جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ہے۔