تارکین وطن کشمیریوں کو آبائی علاقوں میں درپیش مسائل کے حل ، جائیدادوں پر قبضے و دیگر قانونی الجھنوں سے بچانے کیلئے حکومت آزاد کشمیر فوری طور پر ایک کمیشن قائم کر رہی ہے، سردار مسعود خان

برطانیہ و دیگر ممالک میں آباد تارکین وطن فون پر بھی کمیشن کو شکایات درج کروا سکیں گے،برطانوی حزب اختلاف کی جماعت لیبر پارٹی اور اس کے سربراہ نے مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ اصولی موقف اختیار کیا، پارٹی کے کئی ارکان آزاد کشمیر کا دورہ کر کے حالات سے آگاہی اور کشمیری عوام کا موقف جان چکے ہیں، صدر آزاد کشمیر

جمعہ 8 ستمبر 2017 16:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2017ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ کہ تارکین وطن کشمیریوں کو آبائی علاقوں میں درپیش مسائل کے فوری حل ، انکی جائیدادوں پر قبضے اور دیگر قانونی الجھنوں سے بچانے کے لیے حکومت آزاد کشمیر فوری طور پر ایک کمیشن قائم کر رہی ہے۔ جو تارکین وطن کی شکایات سنے گا اور انہیں فوری حل کرنے کے لیے موثر اقدامات کرے گا۔

برطانیہ اور دیگر ممالک میں آباد تارکین وطن فون پر بھی کمیشن کو شکایات درج کروا سکیں گے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ تارکین وطن ہمارا بڑا قیمتی اثاثہ ہیں ۔ جو دیار غیر میں مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تارکین وطن نے اپنی محنت اور قابلیت سے برطانیہ اور دیگر ممالک میں نہ صرف اپنی معاشی حالت بہتر کر لی ہے ۔

(جاری ہے)

بلکہ ان کے سیاسی اثر و رسوخ میں بھی اضافہ ہو چکا ہے ۔ برطانیہ سمیت کئی ممالک کے پارلیمانوں میں کشمیری و پاکستان تارکین وطن کی نمائندگی موجود ہے۔ اور وہ کشمیر کا ز کے لیے موثر کام کر رہے ہیں۔ ان کے کام کو زیادہ موثر اور منظم بنانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں جموں وکشمیر تحریک حق خود ارادیت یورپ کے سربراہ راجہ نجابت حسین کی سر براہی میں تارکین وطن کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ تارکین وطن کے لیے قائم کیا جانیوالا مجوزہ کمیشن ان کی جائیدادوں کے تنازعات ، شناختی دستاویزات کے مسائل حل اور آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے لیے ان کی بھر پور معاونت اور راہنمائی فراہم کرے گا۔ صدر آزادکشمیر نے برطانوی حزب اختلاف کے رہنما جریمی کوربن کے پاکستان اور کشمیر کے حوالے سے مثبت بیان کا خیر مقدم کیا ۔

انہوں نے کہا کہ برطانوی حزب اختلاف کی جماعت لیبر پارٹی اور اس کے سربراہ نے مسئلہ کشمیر پر ہمیشہ اصولی موقف اختیار کیا ۔ لیبر پارٹی نے گزشتہ انتخابات میں مسئلہ کشمیر کو اپنے انتخابی منشور کا حصہ بنایا۔ اور پارٹی کے منتخب ارکان نے پارلیمنٹ اندر بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کی ۔ پارٹی کے کئی ارکان آزاد کشمیر کا دورہ کر کے حالات سے آگاہی اور کشمیری عوام کا موقف جان چکے ہیں۔

اس موقع پر صدر سردار مسعود خان برطانوی پارلیمنٹ میں کل جماعتی گروپ برائے کشمیر کے نئے چیئرمین کر لینرلی اور وائس چانسلر دابئی ابراہم کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ دونوں تجربہ کار سیاستدان مسئلہ کشمیر کے پر امن اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جمہوری حل کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے ۔ صدر آزاد کشمیر نے چیئرمین تحریک حق خود ارادیت یورپ راجہ نجابت حسین کی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کوششوں کو سراہا، انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں کشمیری کمیونٹی نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر ہی نہیں فلسطین برما اور دنیا بھر جہاں کہیں بھی مسلمانوں پر ظلم ہو رہا ہے اس کے خلاف آواز بلند کی ہے۔

مسئلہ کشمیر پر پارلیمنٹ میں بھی تارکین وطن نمائندوں نے موثر کردار ادا کیا۔ جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔