بینظیر انکم سپورٹ پروگرام غربت کے خاتمے اور کمزور طبقے کی فلاح وبہبود کیلئے حکومتی عزم کا عکاس ہے ، بی آئی ایس پی میں شفافیت اور آپریشنل استعداد میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا بی آئی ایس پی ہیڈ کوآرٹر میں اجلاس سے خطاب بی آئی ایس پی کا بجٹ 70ارب سے بڑھا کر امسال 121ارب روپے کردیا گیا ہے،غریب افراد کیلئے سہ ماہی بنیاد پر مقرر کردہ وظیفہ تین ہزار روپے سے بڑھا کر 4834روپے فی خاندان کردیا گیا ہے، بے نظیر انکم سپورٹ پروھرام سے 54لاکھ 60ہزار افراد مستفید ہو رہے ہیں،2012-13میں 43ارب 30کروڑ روپے مستحق افراد میں تقسیم کئے گئے جبکہ 2016-17میں مستحق افراد میں پروگرام کے تحت 102ارب8کروڑ روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں ،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئر پرسن ماروی میمن کی وزیراعظم کو بریفنگ

جمعہ 8 ستمبر 2017 23:22

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام غربت کے خاتمے اور کمزور طبقے کی فلاح وبہبود ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 ستمبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام غربت کے خاتمے اور کمزور طبقے کی فلاح وبہبود کیلئے حکومتی عزم کا عکاس ہے ، بی آئی ایس پی میں شفافیت اور آپریشنل استعداد میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بی آئی ایس پی ہیڈ کوآرٹر کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں پروگرام کے حوالے سے وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئر پرسن ماروی میمن نے وزیراعظم کو پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بی آئی ایس پی کا بجٹ 70ارب سے بڑھا کر امسال 121ارب روپے کردیا گیا ہے ۔غریب افراد کیلئے سہ ماہی بنیاد پر مقرر کردہ وظیفہ تین ہزار روپے سے بڑھا کر 4834روپے فی خاندان کردیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروھرام سے 54لاکھ 60ہزار افراد مستفید ہو رہے ہیں ۔2012-13میں 43ارب 30کروڑ روپے مستحق افراد میں تقسیم کئے گئے جبکہ 2016-17میں مستحق افراد میں پروگرام کے تحت 102ارب8کروڑ روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں ۔ چیئرمین پرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پروگرام سے غربت میں کمی آنے کے ساتھ ساتھ معاشے کی پسماندہ خواتین بااختیار ہو رہی ہیں ۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پرائمری سکولوں میں بی آئی ایس پی سے مستفید بچوں کی تعداد میں 10فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ 3لاکھ54ہزار سے زائد گھرانے وزیراعظم قومی صحت پروگرام میں شامل کئے گئے ہیں۔ ایک لاکھ 81ہزار سے زائد گھرانوں کو مختلف سکیموں کے ذریعے بلاسود قرضے دیے گئے ۔ بریفنگ میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ غربت کے خاتمے اور خودانحصاری کے حوالے سے مختلف ماڈلز زیر غور ہیں ۔ اس موقع پر وزیراعظم نے گزشتہ شال سال میں بی آئی ایس پی میں ہونے والی پیشرفت پر تعریف کرتے ہوئے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے معاشرے سے غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ پروگرام غربت کے خاتمے اور کمزور طبقے کی فلاح کیلئے حکومتی عزم کا عکاس ہے ۔